Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مملکت کے ویژن نے مثالی ترقی کی راہیں ہموار کیں‘

شیح السدیس کا کہنا تھا کہ ’ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے اہداف متعین کیے‘ (فوٹ، ایس پی اے)
گورنرحدود الشمالیہ شہزادہ فیصل بن خالد بن سلطان بن عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ مملکت کے ویژن 2030 کے لانچ ہونے کے بعد سے علاقے میں غیرمعمولی ترقی ہوئی ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق شہزادہ فیصل بن خالد نے مزید کہا کہ مملکت کے ویژن کی بدولت مختلف شعبوں میں ہونے والی ترقی واضح طورپر دکھائی دے رہی ہے۔ کان کنی کے میں ہونے والی ترقی سب سے سامنے ہے۔
کان کنی کا شعبہ تیل اور گیس کے بعد سعودی صنعت کے لیے غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔ شمالی سرحدی علاقے معدنی دولت سے مالا مال ہیں اس شعبے میں تیزرفتار ترقی سے مملکت کی معیشت پرانتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ علاقے میں فاسفیٹ کے بڑے ذخائر موجود ہیں جو کہ عالمی فاسفیٹ کے 7 فیصد ذخائر کے مساوی ہیں۔
دریں اثنا حرمین شریفین میں دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس کا کہنا ہے کہ مملکت کا ویژن 2030 جسے ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے متعارف کرایا اس میں صداقت اور جدیدیت کو یکجا کیا ، اعتدال پسندی کے اصولوں کو مستحکم بنایا ۔ ویژن میں رواداری کی اقدار کو اپناتے ہوئے زائرین حرمین شریفین کی خدمت کو مقدم رکھا گیا ہے۔
شیخ السدیس نے مزید کہا کہ مملکت کے ویژن کو جاری ہوئے 8 برس گزرچکے ہیں اس عرصے میں جہاں دیگر شعبوں میں نمایاں ترقی ہوئی وہاں حرمین شریفین میں دینی امور کے شعبے نے بھی مملکت کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے اہداف متعین کیے اور ان پرعمل کیا گیا۔

مملکت کے ویژن 2030 کو جاری ہوئے آٹھ برس مکمل ہوچکے (فوٹو، ایس پی اے)

واضح رہے 25 اپریل 2016 کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود کی رہنمائی اور ہدایات کی روشنی میں ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن عبدالعزیز آل سعود نے ویژن 2030 پیش کیا جس کا بنیادی مقصد مملکت کو ترقی کی شاہراہ پرگامزن کرنا تھا۔
ویژن کو جاری ہوئے 8 برس مکمل ہوچکے ہیں اس مختصر عرصے میں مملکت نے مختلف میدانوں میں ترقی کا مثالی سفر طے کیا۔ جہاں دیگر شعبوں میں مثالی ترقی ہوئی وہاں بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوا علاوہ ازیں عمرہ زائرین اور حجاج کرام کی خدمت کے لیے رضاکارانہ سرگرمیاں بھی عروج پرپہنچیں جبکہ رضاکاروں کی تعداد بھی ایک لاکھ 31 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

سیاحت کےمیدان میں مملکت نے عالمی سطح پردوسری پوزیشن حاصل کرلی(فوٹو، ایس پی اے)

ویژن 2030 کی وجہ سے سعودی عرب کو ایکسپو 2030 کے لیے میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا اس حوالے سے مملکت کو ایکسپو کی میزبانی کے لیے 119 ووٹ ملے۔
دیگر شعبوں کی طرح  سعودی عرب کے سیاحتی سیکٹر میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے باعث عالمی سیاحت کے حوالے سے مملکت نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

شیئر: