پارٹی کی خواہش ہے کہ صدارت نواز شریف سنبھالیں، رانا ثنااللہ
رانا ثنااللہ نے کہا کہ پارٹی کا بیانیہ وہی ہوگا جس کی حمایت نواز شریف کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ قائد نواز شریف سے پارٹی کی صدارت سنبھالنے کی گزارش کی گئی ہے۔
جمعے کو پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے تنظیمی اجلاس کے بعد ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلم لیگ ن پہلے سے بھی زیادہ مقبول جماعت بنے گی اور مزید کامیابی حاصل کرے گی۔
پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے تنظیمی اجلاس کا ایجنڈا انتخابات سے پہلے اور بعد کی صورت حال کا جائزہ اور ارکان سے رائے لینا تھا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اجلاس میں قرارداد پیش کی گئی کہ نواز شریف جو ن لیگ کے قائد ہیں انہیں ایک سازش کے ذریعے پارٹی کی صدارت سے الگ کیا گیا تھا، 2017 میں جبر کر کے نواز شرف کو پارٹی قیادت سے علیحدہ کیا گیا، اب چونکہ جبر کی تمام رکاوٹیں دور ہوچکی ہیں لہٰذا مسلم لیگ ن پنجاب کی خواہش اور نواز شریف سے گزارش ہے کہ وہ پارٹی کی صدارت سنبھالیں۔
انہوں نے کہا کہ تنظیمی عہدیداران نے سیاسی صورت حال پر قابل عمل تجاویز دی ہیں، نواز شریف کی چین سے واپسی کے بعد ان تجاویز کو قیادت کے سامنے رکھا جائے گا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ اجلاس میں وفاقی حکومت اور شہباز شریف کے اقدامات کی تائید کی گئی جن کے تحت وہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وزیر اعلٰی مریم نواز کی قیادت پر بھی بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا جس طرح سے وہ مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کی کوششیں کر رہی ہیں، لہٰذا پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ پارٹی کا بیانیہ وہی رہے گا جس پر نواز شریف اتفاق کریں چاہے وہ مفاہمت کا ہو یا مزاحمت کا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی میں آپریشنل عہدہ صدر کا ہی ہے اور اس سے پہلے بھی شہباز شریف نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جس میں نواز شریف کی حمایت شامل نہ ہو۔