بھوپال ۔۔۔۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بدھ کو مندسور کا دورہ کیا جہاں پچھلے ہفتے پولیس کی فائرنگ سے 5کسان ہلاک ہوگئے تھے۔اتوار کو انہوں نے ریاست میں امن کی بحالی کیلئے اپنی ایک روزہ بھوک ہڑتال ختم کردی تھی۔ اگرچہ کسانوں کی ہلاکتوں کا واقعہ وقتی طور پر دب گیا ہے لیکن ریاست میں پچھلے 24گھنٹے میں 3کسانوں نے خود کشی کرلی ہے۔اس طرح ایک ہفتے میں خود کشی کرنیوالے کسانوں کی تعداد 5ہوگئی ہے۔ کسان یکم جون سے ہڑتال کررہے ہیں۔ان کا مطالبہ ہے کہ قرضے معاف اور زرعی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔ مندسور سے کرفیو اٹھایا جاچکا ہے تاہم تادیبی احکامات جاری ہیں۔ دریں اثناء ریاستی حکومت نے مندسور میں ہونیوالے ہنگاموں کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیدیا۔