Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فضل الرحمان کا مینڈیٹ چوری نہیں بلکہ ان کے ساتھ دھوکہ ہوا: علی امین گنڈاپور

علی امین کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ عمران خان کی حکومت انہوں نے گرائی۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا مینڈیٹ چوری نہیں ہوا بلکہ ان کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔
بدھ کو پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین کا کہنا تھا کہ مولانا قوم کو بتائیں کہ ان کی کس سے ڈیل ہوئی تھی۔
علی امین کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ عمران خان کی حکومت انہوں نے گرائی۔
’اچھی بات ہے کہ مولانا فضل الرحمان سچ بول رہے ہیں۔ ان کے دل میں اور بھی راز ہیں، کھل کر آئیں مزید بھی باتیں کلیئر کردیں۔‘
’مولانا اگر حق اور سچ کے راستے پر آئے ہیں تو ہم ویلکم کرتے ہیں۔‘
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ’مولانا فضل الرحمان کا مینڈیٹ تو چوری نہیں ہوا۔ مینڈیٹ تو ہمارا چوری ہوا پھر بھی میں ہر حلقہ کھولنے کو تیار ہیں۔‘
دوسری جانب علی امین گنڈا پور اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات پر ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ اسمبلی فلور پر جے یو آئی  کے اصولی اور جمہوری موقف سے پی ٹی آئی کے دوسرے درجے کی قیادت غلط فہمی کا شکار ہو گئے ہیں۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جے یوآئی نے سیاست میں ہمیشہ جمہوری اور اصولی موقف اپنایا ہے۔
پی ٹی آئی قیادت اپنے اندرونی معاملات میں ہمیں نہ گھسیٹیں۔ پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے سے قبل ہمارے تحفظات کو دور کرنا ضروری ہو گا۔‘
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی تحریک شروع کر چکے ہیں انتظار کرنے کے عادی نہیں ہیں۔
اسلم غوری نے کہا کہ کل سندھ کے عوام  کراچی میں عوامی اسمبلی میں فروری کے انتخابات کو بھاری اکثریت سے مسترد کریں گے۔

شیئر: