حج سیزن 2024: مکہ مکرمہ میں سنیچر سے بغیر پرمٹ داخلے پر پابندی
پرمٹ کے بغیر مقدس شہر میں داخلے سے روکا جائے گا (فوٹو: ایکس اکاونٹ جوازات)
سعودی محکمہ امن عامہ نے سنیچر 4 مئی 2024 سے حج سیزن کے حوالے سے ضوابط پر عملدرآمد کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مکہ مکرمہ میں داخلے کےلیے انٹری پرمٹ ضروری ہوگا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ امن عامہ نے بیان میں کہا کہ’ نئے ضوابط کا مقصد حج کے عمل کو بہتر اور عازمین حج کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے‘۔
امن عامہ کا کہنا ہے ’ حج 2024 کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کے لیے ایسے کسی بھی شخص کو جس کے پاس متعلقہ ادارے کی جانب سے حج مقامات پر کام کے لیے داخلے کا اجازت نامہ نہیں ہوگا انہیں اور بغیر پرمٹ مکہ جانے والی گاڑیوں کو واپس کیا جائے گا‘۔
’ ایسے افراد جن کے پاس مکہ سے جاری کردہ اقامہ، عمرہ پرمٹ یا حج پرمٹ ہوگا تو وہ اس سے مستثنی ہوں گے‘۔
یاد رہے کہ سعودی قوانین کے مطابق حج سیزن میں کسی سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی کو بغیر اجازت نامے کے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔