سیامی بچوں کو سعودی عرب میں علیحدہ کرانے کی درخواست کیسے کی جائے؟
’کنگ سلمان سینٹر کی ویب سائٹ یا سعودی سفارتخانے میں جا کر درخواست جمع کی جاسکتی ہے‘ ( فوٹو: واس)
کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کے ترجمان نے سیامی بچوں کو علیحدہ کرانے کی درخواست جمع کرنے کا طریقہ کار واضح کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’دنیا میں کہیں پر بھی کوئی سیامی بچے ہوں اور ان کے والدین سعودی عرب میں انہیں علیحدہ کرنے کی خواہش رکھتے ہوں تو وہ درخواست جمع کراسکتے ہیں‘۔
’سیامی بچوں کو علیحدہ کرانے کے خواہشمند کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کی ویب سائٹ پر یا سعودی عرب کے سفارتخانے میں جا کر درخواست جمع کروائیں گے‘۔
’درخواست وصول ہونے کے بعد کنگ سلمان سینٹر کے نمائندے والدین سے رابطہ کریں‘۔
’سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کے سعودی پروگرام کی طرف سے ماہرین اس طبی ٹیم سے رجوع کریں گے جو سیامی بچوں کے ملک میں ہے اور ان سے تمام رپورٹیں اور دستیاب دستاویزات ارسال کرنے کا کہیں گے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’تمام رپورٹیں اور دستاویزات وصول ہونے کے بعد ماہرین کی ٹیم کیس کا مطالعہ کرکے سیامی بچوں کو علیحدہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لیتی ہے‘۔
’بعد ازاں کیس کے متعلق ایوان شاہی کو مطلع کیا جاتا ہے جس کی طرف سے منظوری آنے کے بعد سیامی بچوں کو طلب کیا جاتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں قیام کے دوران کنگ سلمان سینٹر سیامی بچوں اور ان کے والدین کی مکمل میزبانی کرتا ہے اور انہیں ضروری طبی سہولت بھی فراہم کرتا ہے‘۔