Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روٹ ٹو مکہ: کراچی سے حج آپریشن کا آغاز، پہلی دو پروازیں مدینہ منورہ روانہ

 پہلی حج پرواز سے سفر کرنے والے مسافروں کا ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا۔ فوٹو: ایس پی اے
پاکستان سے حج 2024 آپریشن کا آغاز ہوگیا۔ کراچی سے پہلی دو پروازیں 8 اور 9 مئی کی درمیانی شب 330 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی ہیں۔
روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت امیگریشن کا پروسس کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر باآسانی مکمل ہوا۔
 پہلی حج پرواز سے سفر کرنے والے مسافروں کا ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا۔ عازمین کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے، ان کے سامان کی مفت پیکنگ کی گئی، عازمین کو روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے لیے بنائے گئے خصوصی کاؤنٹرز تک پہنچایا گیا۔
 جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قائم روٹ ٹو مکہ کے لاؤنج میں سعودی عرب سے پاکستان آئے ہوئے عملے نے عازمین کی امیگریشن کا عمل مکمل کیا، دستاویزات کی جانچ پڑتال کی اور سسٹم میں عازمین کی تفصیلات کو سکین کرنے کے بعد انہیں طیارے کی جانب روانہ کردیا۔
چند سیکنڈز میں امیگریشن کا عمل مکمل ہونے پر عازمین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے کراچی سے شروع ہونے پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا۔   
کراچی سے مدینہ کے لیے سفر کرنے والے مسافر محمد نعمان نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان میں امیگریشن کا عمل شروع ہونا خوش آئند ہے۔ روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کراچی سے شروع کرنے پر سعودی حکومت کا شکر گزار ہیں کہ انہوں نے یہ آسانی فراہم کی‘۔
ان کا کہنا تھا ’ایئرپورٹ آنے سے قبل اندازہ نہیں تھا کہ امیگریشن کا عمل کیسے ہوگا لیکن ایئرپورٹ پر موجود عملے نے ہمارا استقبال کیا، ہمیں ہار پہنائے اور خوش اخلاقی سے یہ پراسس مکمل ہوا جس پر ہم ایئر پورٹ انتظامیہ کے بھی ممنون ہیں۔‘

 ایئرپورٹ پر 8 کاونٹرز روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت بنائے گئے ہیں( فائل فوٹو: ایس پی اے)

پاکستان سے پہلی بار بیرون ملک سفر کرنے والی 24 سالہ ام ہانی کا کہنا تھا ’اندازہ نہیں تھا کہ امیگریشن کا عمل اتنا آسان ہوگا۔ ہمارے ساتھ سفر کرنے والے تمام عازمین کچھ ہی لمحات میں اپنا پراسس مکمل کرکے ویٹنگ ایریا میں آگئے۔ ایئر پورٹ پراچھے انتظامات کیے گئے ہیں، امید کرتے ہیں آگے کا سفر بھی اسی طرح اچھا گزرے گا‘۔
واضح رہے ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کی تیاریاں دو روز قبل مکمل کرلی گئی تھیں۔
کراچی جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے بین الاقوامی روانگی کے ہال میں 8 کاونٹرز روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت بنائے گئے ہیں، جہاں امیگریشن سمیت دستاویزات کی چیکنگ کا عمل سعودی عرب سے عملے نے سرانجام دیا۔ جدید سسٹم کے تحت عازمین چند سیکنڈز میں ہی اپنا امیگریشن پراسس مکمل کرکے جہاز میں روانگی سے قبل لاؤنج تک پہنچ گئے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کی طرف سے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت پہلی دو مختلف پروازوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ فلائٹ کے وقت سے پانچ گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچ جائیں تاکہ رش سے بچ سکیں اور باآسانی اپنا سفر شروع کرسکیں۔
اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کراچی زون کے ڈائریکٹر زعیم اقبال نے کراچی ایئر پورٹ کا دورہ کیا اور روٹ ٹو مکہ کے تحت انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایئر پورٹ انتظامیہ کی جانب سے ایف آئی اے ڈائریکٹر کراچی زون کو انتظامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہیں امیگریشن اور کیم سکینر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ترجمان وفاقی تحقیقاتی ادارہ کے مطابق زعیم اقبال نے ایئرپورٹ پر موجود ایف آئی اے کے عملے کو ہدایت دی کہ حج پروازوں کے دوران خصوصی کاونٹرز چلائے جائیں اور امیگریشن کے عمل کو آسان بنایا جائے۔
انہوں نے بزرگ شہریوں کے حوالے سے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ بزرگ عازمین کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
انہوں نے امیگریشن کے افسران کو ہدایت دی کہ حج آپریشن کے دوران افسران اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی نے واضح کیا کہ کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برتی گئی تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر: