وزارت سیاحت کے تفتیشی دورے، عسیر ریجن میں 40 ہوٹلز سیل
270 شکایتوں کا ازالہ کیا گیا۔ (فوٹو وزارت سیاحت ایکس اکاؤنٹ)
وزارت سیاحت کی تفتیشی ٹیموں نے خلاف ورزیوں پر عسیر ریجن میں 40 سے زائد ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کو سیل کردیا جبکہ 270 شکایتوں کا ازالہ کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مملکت میں فروغ سیاحت کے حوالے سے وزارت کی جانب سے جامع اقدامات پر عمل کیا جا رہا ہے۔
وزارت سیاحت کی تفتیشی ٹیمیں مختلف سیاحتی شہروں میں موجود ہوٹلوں، فرنشڈ اپارٹمنٹس اور فارم ہاوسز کا دورہ کرتی ہیں تاکہ کسی بھی خلاف ورزی یا سیاحوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جاسکے۔
اس حوالے سے عسیر ریجن کی سیاحتی تفتیشی ٹیم کے ذمہ دار نے بتایا کہ علاقے میں سال رواں کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران 650 تفتیشی دورے کیے گئے ۔
وزارت سیاحت کے شکایات سیل کو علاقے میں آنے والے سیاحوں کی جانب سے 350 مختلف نوعیت کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے 270 شکایتوں کا ازالہ کیا گیا جبکہ 40 ہوٹلز اور ریسٹ ہاوسز کو سیل کردیا گیا علاوہ ازیں دیگر معمولی شکایات پر مالکان کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
وزارت سیاحت کی جانب سے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سیاحت کے شعبے میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزارت کی جانب سے قائم کیے جانے والے شکایات سیل کا مقصد سیاحوں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرنا ہے۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ پرمٹ کے بغیر سیاحتی شعبے میں کام کرنا غیرقانونی عمل ہے ایسا کرنے پر 10 لاکھ ریال تک جرمانے کے علاوہ کاروباری مرکز کو سیل بھی کیا جاسکتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں