مکہ اور مدینہ میں تفتیشی دورے، خلاف ورزیوں پر ہوٹلوں کے خلاف کارروائی
وزارت کی جانب سے جاری ہدایات کی پابندی پر زور دیا گیا ( فوٹو: سبق)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہوٹلوں، سروسڈ اپارٹمنٹس اور سیاحتی مہمان نوازی کی سہولتوں کی نگرانی اور تفتیشی دورے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق وزیر سیاحت کی ہدایت کا مقصد ’ہمارے مہمان ہماری ترجیح‘ مہم کے تحت مقدس شہروں میں زائرین کو معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اس سے قبل وزیر سیاحت الخطیب نے مکہ اور مدینہ کے مختلف رہائشی ہوٹلز کے وزٹ کے دوران وزارت کی جانب سے جاری ہدایات کی پابندی اور بہترین سہولتوں کی فراہمی پر زور دیا۔
واضح رہے وزارت سیاحت کی نگران ٹیموں نے رمضان میں مکہ مکرمہ کے مختلف ہوٹلوں کے 468 تفتیشی دوروں کے دوران 278 خلاف ورزیوں پر کارروائی کی جبکہ مدینہ منورہ میں 214 تفتیشی دوروں کے دوران 125 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی۔
ان میں بغیر لائسنس کام کرنا، غیر معیاری سہولتیں اور مینٹیننس کے علاوہ دیگر خلاف ورزیاں شامل ہیں۔
وزارت سیاحت کی جانب سے تفتیشی دورے زائرین کی خدمت اور انہیں دیگر حکومتی اداروں کے تعاون سے بہترین سہولتوں کی فراہمی کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ معتمرین وزائرین رہائشی سہولتوں کے حوالے سے اپنی شکایات وزارت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے بھی کرسکتے ہیں۔