سعودی عرب اور تھائی لینڈ میں دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے معاہدے
سعودی عرب اور تھائی لینڈ میں دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے معاہدے
جمعہ 10 مئی 2024 21:14
حالیہ دوروں کے دوران مختلف شعبوں میں غیرمعمولی پیش رفت ہوئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر تجارت اور بیرونی تجارتی اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی نے مملکت اور تھائی لینڈ کے مابین تجارتی تبادلے کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
خاص طور پر دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ دوروں کے دوران مختلف شعبوں میں غیرمعمولی پیش رفت ہوئی ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر تجارت نے وفد کے ہمراہ تھائی لینڈ کا تین روزہ دورہ کیا۔ 9 حکومتی اور 85 نجی شعبے کے وفود شریک تھے۔
وزیر تجارت ماجد القصیبی نے دورے کے حوالے سے بتایا کہ’ تھائی لینڈ میں توانائی، صنعت، زراعت، سیاحت، مالی سروسز، صحت اور دیگر امور میں اعلی ترین صلاحیت ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’دوطرفہ تعاون کے حوالے سے متعدد امور میں تعاون سے باہمی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے گا‘۔
واضح رہے وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصیبی نے دورہ تھائی لینڈ کے دوران تھائی وزیراعظم اور نائب وزیر اعظم کے علاوہ تجارت، صحت، محنت، صنعت، سیاحت اور سپورٹس کے وزرا سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین مختلف تجارتی امور کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے جن کا مقصد دوطرفہ تجارت کو فروغ دینا ہے۔