سعودی وزیر تجارت کی واشنگٹن میں امریکی ہم منصب سے ملاقات
سعودی وزیر تجارت کی واشنگٹن میں امریکی ہم منصب سے ملاقات
جمعرات 16 جون 2022 20:05
دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پربات چیت کی گئی(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے واشنگٹن میں امریکی ہم منصب جینا ریمنڈ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امریکہ میں متعین سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بھی موجود تھیں۔
اس موقع پردونوں دوست ملکوں کے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کےحوالے سے بات چیت کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق القصبی جو سعودی وفد کی قیادت کررہے ہیں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مذاکرات کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل کے مطابق یکجہتی کا معیار بڑھانا، مختلف نئے اقتصادی شعبوں میں تجارتی لین دین کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔
اس سلسلے میں گرین اکانومی، خواتین کو کاروبار میں بااختیار بنانا، چھوٹے و درمیانے سائز کے تجارتی اداروں کا فروغ اور نئے پن کی حوصلہ افزائی جیسے امور خاص طور پر زیر بحث آئے۔
دوسری جانب ڈاکٹر القصبی نے بین الاقوامی تجارتی اکیڈمی کے سربراہ پروفیسر جینفر ہیلمن سے جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے متعدد عہدیدار اور سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بھی موجود تھیں۔
نائب وزیر تجارت اور کمپٹیشن نیشنل سینٹر کی ایگزیکٹیو چیئرپرسن ڈاکٹر ایمان المطیری بھی ملاقات میں شریک رہیں۔ انہوں نے اکیڈمی کے تجربات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ علاوہ ازیں اکیڈمی کے دیگر نئے پروگرام بھی زیر بحث آئے۔
سعودی وزیر تجارت واشنگٹن میں مختلف عہدیداروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے امریکی امپورٹ ایکسپورٹ بینک کے چیئرمین سے سعودی سفیر کی موجودگی میں ملاقات کی۔ انہوں نے سعودی امریکی اقتصادی شراکت کے استحکام پر گفت و شنید کی۔
القصبی کی زیر قیادت سعودی وفد نے امریکی وزارت تجارت میں امریکہ کے متعدد سرکاری عہدیداروں سے دوطرفہ ملاقاتیں کرکے فریقین کے درمیان سرکاری رابطے بڑھانے، ہر سطح پر گفت و شنید کا سلسلہ قائم کرنے اور مملکت میں کمپٹیشن بڑھانے کے لیے نافذ کی جانے والی اہم اصلاحات کا جائزہ لیاگیا۔
سعودی وفد نے ہائیڈروجن کی پیداوار، کچرے اور پانی کو مینج کرنےکے موضوع پر نئے امکانات اور دوطرفہ شراکت پر تبادلہ خیال کیا۔ کاپی رائٹ کے تحفظ کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔
سعودی وفد میں سعودی سٹینڈرڈ آرگنائزیشن کے گورنر ڈاکٹر سعد القصبی، سعودی کاپی رائٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر عبدالعزیز السویلم بھی شامل ہیں۔