مودی حکومت چار جون کو نہیں بن رہی، اروند کیجریوال کی پیش گوئی
عدالت نے دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال کو یکم جون تک عارضی ضمانت دی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے پیش گوئی کی ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی 220 نشستیں جیت پائیں گی لیکن حکومت نہیں بنا سکے گی۔
10 مئی کو انڈیا کی اعلٰی عدالت نے ملک میں جاری عام انتخابات کی مہم چلانے کے لیے دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال کو یکم جون تک عارضی ضمانت دی تھی۔
سنیچر کو دہلی میں عام آدمی کے ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ 2024 کے انتخابات اپوزیشن جیتے گی اور عام آدمی پارٹی اگلی مرکزی حکومت کا حصہ ہو گی۔
انہوں نے وعدہ کیا کہ جب انڈیا بلاک کی حکومت بنے گی تو دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ ’جیل سے رہائی کے بعد پچھلے 20 گھنٹوں میں، میں نے پول یا الیکشن کے ماہرین اور لوگوں سے بات کی اور مجھے معلوم ہوا کہ بی جے پی حکومت نہیں بنانے والی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہریانہ، راجستھان، کرناٹک، دہلی، بہار، مہاراشٹر، مغربی بنگال، جھارکنڈ اور اترپردیش سے بی جے پی کی لوک سبھا میں نشستیں کم ہوں گی۔
’یہ میرا تجزیہ ہے اور سیاسی تجزیہ کار بھی کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی کو 220 یا 230 سے زیادہ سیٹیں نہیں ملیں گی۔ مودی حکومت چار جون کو نہیں بن رہی ہے۔‘
اروند کیجریوال نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی امت شاہ کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ نریندر مودی 75 برس کی عمر میں ’ریٹائر‘ ہو جائیں گے جس کے بعد وزیر داخلہ ان کے جانشین ہوں گے۔
اروند کیجریوال نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر بی جے پی 2024 کے لوک سبھا انتخابات جیتتی ہے تو تمام اپوزیشن لیڈر بشمول ممتا بنرجی، تیجاشوی یادو، ایم کے سٹالن، پینارائی ویجین اور ادھو ٹھاکرے کو جیل بھیج دیا جائے گا۔