انہوں نے جب سب گھروں کا کوڑا اکھٹا کر کے ریڑھی میں ڈالا تو وہ اس لیے حیران رہ گئے کیونکہ ریڑھی میں کوڑا کرکٹ کے ساتھ ساتھ بھاری رقم بھی پڑی ہوئی تھی۔
چونکہ بابر مسیح نے مختلف گھروں کا کوڑا ایک ساتھ اٹھایا تھا اس لیے انہیں یہ یقین نہیں تھا کہ پانچ لاکھ روپے اصل میں کس گھر کے کوڑا دان سے اُن کے ہاتھ لگے۔
بابر نور مسیح نے اُردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گلی کے تمام گھروں سے کوڑا اٹھانے کے بعد جب وہ گلی کے ایک کونے بیٹھے تو اُن کے ہمراہ اُن کا بیٹا بھی تھا۔ ’میں نے اپنے بیٹے کو کہہ دیا تھا کہ ہم نے اس رقم کو ہاتھ تک نہیں لگانا۔ یہاں انتظار کرتے ہیں جس کی رقم ہو گی وہ آ کر ہم سے لے لے گا۔‘
’تھوڑی ہی دیر گزری تھی کہ اُسی گلی کے ایک سفید پوش آدمی جن کا نام محمد اکرم ہے میری طرف طرف آتے ہوئے دکھائی دیے۔ میں نے اپنے بیٹے کو کہا کہ شاید انہی کے پیسے آج کوڑا دان میں آ گئے ہیں۔‘
بابر نور کہتے کہ محمد اکرم اُن کے پاس آئے اور کہا کہ ’سچ سچ بتانا ہمارے گھر کے کوڑے سے پیسے تو نہیں ملے؟ میں نے فوری جواب طور پر بتایا کہ مُجھے یہ یقین نہیں کہ ہمارے پاس موجود کوڑے میں یہ رقم کہاں سے آئی، تاہم آج کسی گھر کے کوڑے میں سے یہ پیسے ضرور ملے ہیں۔‘
یہ بتاتے ہوئے باہر مسیح نے وہ ساری رقم اُس کے مالک محمد اکرم کو دے دی۔ بابر مسیح نے اُردو نیوز کو مزید بتایا کہ ’میں نے رقم گنی نہیں اور انہیں بعد میں معلوم ہوا کہ یہ 5 لاکھ روپے ہیں۔ محمد اکرم نے رقم واپس کرنے پر مجھے 15 ہزار روپے انعام دیا۔‘
بابر مسیح کا اردو نیوز کے ساتھ گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ ’میں جب صبح گھر سے نکلتا ہوں تو یہی بات ذہن میں ہوتی ہے کہ کسی کے ساتھ کچھ برا نہیں کرنا۔ اسی لیے اُس دن میں کوڑے ملنے والی رقم اُس کے مالک تک پہنچائی۔‘
بابر نور مسیح کے مطابق جب انہوں نے وہ رقم محمد اکرم کو دی اُن کی خوشی کا کوئی سماں نہیں تھا۔ ’وہ حیران بھی ہوئے اور مجھے گلے لگاتے ہوئے 15 ہزار روپے کا انعام بھی دیا۔‘
محمد اکرم اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 کے رہائشی ہیں۔ اُنہوں نے کسی کام کی غرض سے عارضی طور پر 5 لاکھ روپے ایک کاغذ میں لپیٹ کر اپنے کمرے میں رکھے تھے جو اُن کی غیر موجودگی میں گھر کی ملازمہ نے کوڑا دان میں پھینک دیے۔
محمد اکرم نے اُردو نیوز کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے انہوں نے 5 لاکھ روپے کاغذ میں لپیٹ کر اپنے کمرے میں رکھے تھے جو کام کے سلسلے میں کسی کو ادا کرنا تھے۔تاہم اُنکی غیر موجودگی میں گھر کی نوکرانی نے ردی سمجھ کر کوڑا دان میں پھینک دیے اور وہی کوڑا دان خاکروب کے حوالے کر دیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب مجھے پتہ چلا کہ پیسے کوڑا دان میں ڈال دیے گئے ہیں تو امید نہیں تھی کہ اب یہ رقم واپس واپس مل سکے گی۔تاہم خاکروب کی تلاش میں گھر سے باہر نکلا تو چوکیدار سے معلوم ہوا کہ خاکروب گلی کے ایک کونے میں بیٹھا ہے۔
محمد اکرم کے مطابق وہ جلدی میں چوکیدار کی بتائی گئی سمت میں چلے اور خاکروب بابر نور مسیح کے پاس جا پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ ’جب میں نے خاکروب سے پیسوں کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے کسی ہلے بہانے کے بغیر ہی گم شدہ رقم لٹا دی۔‘
غریب آدمی کی ایمانداری سے متاثر ہوا ہوں: متاثرہ شہری
محمد اکرم کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں تو پڑھے لکھے اور بڑے منصب پر بیٹھے افراد بدعوان ہوتے ہیں مگر 20 ہزار ماہانہ کمانے والے شخص کی ایمانداری دیکھ کر متاثر ہوا ہوں۔
محمد اکرم کے مطابق ’میں نے جب اپنی پوری رقم صحیح سلامت پائی تو اُسی میں سے بابر نور مسیح کو اپنی طرف سے بطور تحفہ 15 ہزار روپے دیے۔ وہ یہ انعام بھی لینے کے لیے تیار نہیں تھے، تاہم میرے اصرار کرنے پر انھوں نے 15 ہزار روپے قبول کیے۔‘