عازمین حج کو ٹرین کے ذریعے مکہ منتقل کرنے کے لیے انتظامات مکمل
مختلف ممالک سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کی جانب سے حج سیزن کے لیے ریلوے سسٹم کے معائنہ کا کام مکمل کرلیا۔
حج کے دوران عازمین کو مکہ مکرمہ منتقل کرنے کے لیے ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ ریلوے سٹیشنز کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق حج سیزن 2024 کا آغاز ہو چکا ہے۔ مختلف ممالک سے یومیہ بنیاد پرعازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
عازمین کو بحفاظت مکہ مکرمہ منتقلی کے لیے ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کی ٹیموں نے مشاعر مقدسہ ریلوے اور حرمین ریلوے کے تمام امور کا جائزہ لیا تاکہ سیزن کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اتھارٹی کی جانب سے ریلوے سٹیشنز پرفراہم کی جانے والی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مشاعر مقدسہ ریلوے کے 9 سٹینشز ہیں۔ منی ، مزدلفہ اورمیدان عرفات کو جوڑنے کے لیے 18 کلومیٹر ریلوے ٹریک ہے۔ مشاعر ریلوے کے ذریعے ایک گھنٹے میں 72 ہزار مسافروں کوایک مقام سے دوسرے مقام تک جانے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
حرمین ریلوے کے پانچ سٹیشنز ہیں جن میں مکہ مکرمہ سٹیشن، جدہ سلیمانہ، جدہ ایئرپورٹ، رابغ اور مدینہ منورہ کا سٹیشن شامل ہے۔
جدہ ایئرپورٹ ٹرمنل ون پر آنے والے عازمین حج کو حرمین ٹرین کے ذریعے مکہ مکرمہ لے جایا جاتا ہے۔
حرمین ٹرین کے ذریعے فی گھنٹہ 4 ہزار مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔