Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین ٹرین استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 26 فیصد اضافہ

اس سال ٹرینوں کی تعداد میں بھی 9 فیصد اضافہ کیا گیا ہے(فوٹو: ایس پی اے)
حرمین ریلوے کے ذریعے ماہ رمضان المبارک میں ہزاروں زائرین کو سفری سہولت حاصل ہورہی ہے۔
مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ آمد ورفت کے لیے شہری اور غیرملکی حرمین ٹرین سے مستفیض ہورہے ہیں۔
گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال حرمین ٹرین استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق حرمین شریفین کو جوڑنے والی لاجسٹک سروس ’حرمین ٹرین‘ کے مرکزی اسٹینشز مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہیں جبکہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور شاہ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ میں بھی ذیلی اسٹیشنز موجود ہیں۔
حرمین ٹرین کے ذریعے مکہ سے مدینہ 450 کلو میٹر کی مسافت محض 2 گھنٹے میں طے کی جاتی ہے۔ بجلی سے چلنے والی اس  ٹرین کی رفتا 300 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
امریکہ سے آنے والے ایک عمرہ زائر حسین ابوبکر کا کہنا تھا’ ٹرین کا سفر کرکے اچھا لگا جبکہ ٹرین میں فراہم کی جانے والی سروس بھی معیاری ہے‘۔
فرانس سے آنے والے ایک اور زائر ڈاکٹر فاتح ھریش کا کہنا تھا ’حرمین ٹرین سروس کی دوسرے ممالک میں مثال نہیں ملتی۔ زائرین کےلیے پیش کی جانے والی خدمات مثالی ہیں‘۔

1.3 ملین مسافروں کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ آمد ورفت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔(فوٹو: ایس پی اے)

وزارت نقل و حمل کے پروگرام کے تحت رواں برس ماہ رمضان کے دوران حرمین ٹرین کے ذریعے 1.3 ملین مسافروں کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ آمد ورفت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزارت کے پروگرام کے تحت اس سال ٹرینوں کی تعداد میں بھی 9 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ برس کے مقابلے میں حرمین ٹرین سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں 26 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
حرمین ٹرین کے بیڑے میں 35 ریل گاڑیاں شامل ہیں جبکہ ہر ایک گاڑی میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے۔ مکہ سے مدینہ منورہ کا فاصلہ 450 کلو میٹر ہے۔

شیئر: