شاہین آفریدی نے ٹیم میں اختلاف کی افواہوں کو رد کردیا، ’ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے پر نظر‘
شاہین آفریدی نے کہا کہ ’اگر کبھی چھوٹی چھوٹی غلط فہمیاں ہوتی ہیں تو یہ ہر خاندان میں ہوتی ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے اندر اختلافات کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سکواڈ کے اندر کوئی اختلاف نہیں ہے اور ہر کھلاڑی اگلے ماہ ہونے والا بڑا ٹورنامنٹ جیتنے پر توجہ دے رہا ہے۔
شاہین آفریدی کو اُس وقت ٹی20 کا کپتان مقرر کیا گیا تھا جب بابر اعظم نے گذشتہ سال پاکستان اور سری لنکا کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ اور انڈیا میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔
تاہم شاہین آفریدی کی کپتانی کا دور مختصر رہا جو مارچ 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں پاکستان کی 4-1 سے شکست کے بعد ختم ہوگیا۔
بابر اعظم کو قومی ٹیم کی قیادت کے لیے واپس لایا گیا تھا، لیکن قیادت کی تبدیلی متنازع بیانات سے گھری ہوئی تھی جس نے ٹیم کے اندر یکجہتی کے فقدان کے بارے میں بحث کو جنم دیا۔
شاہین آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈ کاسٹ میں کہا کہ ’اگر کبھی چھوٹی چھوٹی غلط فہمیاں ہوتی ہیں تو یہ ہر خاندان میں ہوتی ہیں، بھائیوں کے درمیان کبھی کبھی چھوٹی چھوٹی باتوں پر اختلاف بھی ہو جاتا ہے۔ لیکن شکر ہے کہ اس ٹیم میں ایسا کچھ نہیں ہے۔‘
’ہماری کوشش ہمیشہ متحد ہو کر کھیلنا ہے، یہ وہ وقت نہیں ہے جہاں بحث یا اختلاف ہو سکتا ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب سب کو ایک ہی طرح عمل کرنا ہے اور ایک ہی مقصد کے حصول کی طرف اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔‘
آفریدی نے کہا کہ وہ گذشتہ سال اپنی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ٹیم کا کام کرکٹ کھیلنا اور اپنی قوم کو خوش کرنا ہے۔‘
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’ہم لوگوں کو یہ بتا کر بھی تھک چکے ہیں کہ ہم ورلڈ کپ جیتیں گے۔ لیکن ان شاء اللہ اس بار ہم ایسا ہی کریں گے۔‘