Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جلد پاکستان آنے کی امید کرتا ہوں‘ وراٹ کوہلی کی پاکستانی کوہ پیما سے گفتگو وائرل

شہروز کاشف کو 2022 میں نیپال میں ویراٹ کوہلی سے ویڈیو کال کا موقع ملا (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ وہ جلد پاکستان آنے کی امید کرتے ہیں۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ انڈین کرکٹر وراٹ کوہلی سے فون پر گفتگو کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں وراٹ کوہلی شہروز کو کہہ رہے ہیں ’اپنے اہل خانہ کو میری طرف سے سلام کہنا، میں امید کرتا ہوں کہ ہم جلد ہی پاکستان آئیں گے، کیونکہ باقی ٹیمز بھی پاکستان آنا شروع ہو گئی ہیں۔‘
شہروز کاشف نے اس بات چیت کو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وراٹ کوہلی سے بات کرنے کا موقع انہیں 2022 میں ملا جب وہ نیپال میں تھے۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے عنوان میں شہروز نے لکھا ’2022 میں، میں نیپال میں تھا جب میری ملاقات انڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک اجنبی سے ہوئی جنہوں نے میرے کام کی تعریف کی، میں کسی سیاسی مسئلے سے بچنے کے لیے ان کا نام ظاہر نہیں کروں گا۔‘
شہروز نے کہا ’اس اجنبی نے جب بتایا کہ ان کے انڈین کرکٹ ٹیم میں تعلقات ہیں تو میں نے مذاق میں ویراٹ کوہلی سے بات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر اس شخص نے ویراٹ کوہلی کو میسج کر دیا اور مجھے کوہلی سے ویڈیو کال پر بات کرنے کا موقع ملا۔‘
انہوں نے مزید کہا ’میں فخر کے ساتھ کہتا ہوں کہ کوہلی اس دنیا کے عظیم ترین بلے باز ہیں۔‘

شیئر: