پر ہجوم حج مقامات پر کمانڈ اینڈ کنٹرول یونٹ قائم کرنے کا منصوبہ
فوری اور بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔(فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت صحت کی جانب سے عازمین حج کی بہتر خدمت کے لیے پر ہجوم مقامات پر کمانڈ اینڈ کنٹرول یونٹ قائم کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔
منصوبے کا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم متعارف کرانا ہے جس کے ذریعے فوری طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے مختلف ممالک کے کراوڈ کنٹرولنگ کے ماہرین کے ساتھ پر ہجوم مقامات پر فوری اوربہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
تاکہ ایسے طریقہ کار کو متعارف کرایا جاسکے جو ہجوم کے مقامات پر بہتر اور بروقت طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
اس حوالے سے ریاض میں منعقدہ کانفرنس میں شریک ماہرین کی آرا بھی لی گئیں تاکہ ہنگامی بنیادوں پر بروقت طبی خدمات فراہم کی جاسکیں۔
کانفرنس میں پیش کی جانے والی تجاویز اس بات کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا کہ ازدحام والے مقامات پرہجوم کو منظم رکھنا سب سے اہم ہے۔
مختلف اداروں کی جانب سے مسلسل ربط رکھنا ضروری ہے تاکہ بہتر اور منظم صحت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
ادارہ صحت سے منسلک اہلکاروں کے لیے بھی رہنما اصول مرتب کرنے کا اہمیت پر زوردیا گیا۔
علاوہ ازیں وبائی اور متعدد بیماریوں کے پھیلاو کو روکنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے نظام کو مضبوط بنانے کی سفارش کی گئی جس کےلیے ڈیجیٹل ہیلتھ سرٹیفکیٹس کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔