Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان ڈی ہائیڈریشن کی شکایت پر ہسپتال میں داخل

شاہ رخ خان کرکٹ میچ کے لیے احمد آباد آئے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کو جسم میں پانی کی کمی کی شکایت پر احمد آباد کے ہسپتال میں داخل ہونا پڑا۔
اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق شاہ رخ خان کو آج بدھ کے روز ڈی ہائیڈ ریشن یعنی جسم میں پانی کی کمی کی شکایت ہوئی جس کے بعد انہیں ہسپتال لایا گیا تاہم ابتدائی علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔
احمد آباد میں ’کے ڈی‘ ہسپتال کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ شاہ رخ خان کو ڈی ہائیڈریشن کی شکایت ہوئی تھی۔
گزشتہ روز منگل کو احمد آباد کے سٹیڈیم میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور سن رائز حیدرآباد کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ ہوا تھا جس میں شرکت کے لیے شاہ رخ خان دو روز پہلے ہی آ گئے تھے۔
میچ ختم ہونے پر شاہ رخ اپنی ٹیم کے ہمراہ رات کو دیر سے ہوٹل واپس گئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
تاہم اگلی صبح شاہ رخ خان کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں دوپہر ایک بجے کے قریب کے ڈی ہسپتال لے جایا گیا۔
کنگ خان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے لیکن ڈاکٹرز نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ریاست گجرات کے شہر احمد آباد سمیت انڈیا کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
احمد آباد میں درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ میٹ ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں کے لیے الرٹ بھی جاری کیا ہوا ہے۔

شیئر: