جب شاہ رخ خان نے دلجیت دوسانجھ کو انڈیا کا بہترین اداکار قرار دیا
اتوار 14 اپریل 2024 14:42
اس فلم میں دلجیت دوسانجھ نے امر سنگھ چمکیلا جبکہ پرینیتی چوپڑا نے امرجوت کور کا کردار نبھایا ہے (فوٹو: بالی وُڈ ہنگامہ)
انڈین اداکار دلجیت دوسانجھ کا شمار اُن اداکاروں میں ہو رہا ہے جو تیزی سے بالی وُڈ کی نگری میں اپنی شناخت اور فین فالوونگ بنانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔
جمعے کو آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم ’امر سنگھ چمکیلا‘ جہاں ناقدین کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوئی وہیں فلم بین بھی اس فلم کو خوب پسند کر رہے ہیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اسی سلسلے میں امر سنگھ چمکیلا کے ہدایت کار امتیاز علی نے انکشاف کیا ہے کہ بالی وُڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے ایک مرتبہ دلجیت دوسانجھ کو انڈیا کا بہترین اداکار قرار دیا۔
نیٹ فلکس کے شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں امتیاز علی نے کہا کہ ’مجھے شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ اگر اس ملک میں سب سے اچھا کوئی ایکٹر ہے تو اپنے دلجیت پاجی (بھائی) ہیں۔‘
اسی شو میں امتیاز علی نے مزید انکشاف کیا کہ اگر دلجیت دوسانجھ ’امر سنگھ چمکیلا‘ میں کام کرنے پر رضامند نہ ہوتے تو یہ فلم بنتی ہی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے ایسے لگتا ہے کہ اگر دلجیت نے منع کر دیا ہوتا تو یہ فلم شاید بن ہی نہیں سکتی تھی۔ تو ہم بہت خوش قسمت تھے۔ اس سے بہتر کاسٹ نہیں مل سکتی تھی۔‘
اس فلم میں دلجیت دوسانجھ نے مشہور پنجابی گلوکار امر سنگھ چمکیلا کا کردار نبھایا ہے جبکہ اُن کے ساتھ فلم کی کاسٹ میں پرینیتی چوپڑا بھی شامل ہیں جنہوں نے امر سنگھ چمکیلا کی اہلیہ اور ساتھی گلوکارہ امرجوت کور کا کردار ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ امر سنگھ چمکیلا کو ’ایلوس آف پنجاب‘ کہا جاتا ہے۔
امر سنگھ چمکیلا پنجاب میں 1980 کی دہائی میں تیزی سے ابھرتے ہوئے سپرسٹار بنے تاہم ان کا کیریئر فحش گانوں کے الزامات کی زد میں رہا۔
امر سنگھ چمکیلا اور اُن کی اہلیہ امرجوت کور کو 8 مارچ 1988 کو ضلع جلندھر کے گاؤں مہسام پور میں نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔