حج موسم کے باعث غلاف کعبہ اٹھا دیا گیا
حرمین شریفین انتظامیہ نے حج موسم کے باعث غلاف کعبہ کو زمین سے تین میٹر اوپر اٹھالیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ہر سال حج کے دنوں میں یہ رسم ادا کی جاتی ہے تاکہ غلاف کعبہ محفوظ رہے۔
غلاف کعبہ اٹھانے کی کارروائی انتظامیہ کے سربراہ اور اعلی عہدیداران کی موجودگی میں ہوئی ہے۔
حرمین انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’غلاف کعبہ کوبلند کرنے کے بعد مخصوص کاٹن کے سفید کپڑے میں لپیٹ دیا جاتا ہے‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’غلاف کعبہ حج موسم میں بلند کر دیاجاتا ہے کیونکہ ان دنوں دنیا بھرسے لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج ارض مقدس آتے ہیں جن میں بعض لوگ غلاف کعبہ کا کچھ حصہ حاصل کرنے کے لیے اسے بلیڈ یا قینچی سے کاٹ لیتے ہیں، اس لیے غلاف کو ان مواقع پربلند کر دیا جاتا ہے‘۔
’غلاف کعبہ کو بلند کرنے کی دوسری وجہ یہ ہے کہ اسے محفوظ اور صاف رکھا جائے کیونکہ بیشتر عازمین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ غلاف سے لپٹیں اور اسے چومیں‘۔