Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب وزارتی کمیٹی اور یورپی خارجہ امور کونسل کا اجلاس، رفح کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اجلاس میں عالمی برادری سے کہا گیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے،(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی سربراہی میں عرب وزارتی کمیٹی کا یورپی یونین کی خارجہ امور کی کونسل کے ساتھ  خصوصی اجلاس ہوا ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اجلاس میں قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ  شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی، اردن کے نائب وزیر اعظم برائے تارکین وطن و وزیر خارجہ ایمن الصفدی اور مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے شرکت کی۔

فلسطینی ریاست کے قیام کےلیے سنجیدہ سیاسی کوششوں کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا (فوٹو: ایس پی اے)

اجلاس میں غزہ پٹی میں خطرناک صورتحال اور اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کی عسکری جارحیت کے علاوہ خاص طور پر رفح کے شمال مغرب میں بے گھر شہریوں کی خیمہ بستی کو نشانہ بنائے جانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارتی کمیٹی کے ارکین نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ’ وہ اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں قتل عام اور برادر فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کو روکنے اور غزہ میں انسانی بحران کو محدود کرنے کےلیے فوری طور پر سنجیدگی سے مداخلت اور اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے‘۔
کمیٹی کے ارکین نے بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق 4 جو1967 والی سرحدوں کے تحت  فلسطینی ریاست کے قیام کو یقینی بنانے کےلیے سنجیدہ سیاسی کوششوں کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔

اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے صریح خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے پر بھی زوردیا (فوٹو: ایس پی اے)

کمیٹی ارکین نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے کی جانے والی صریح خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے پر بھی زوردیا جو انسانی المیے میں اضافہ کر رہی ہیں اور محصور غزہ میں فوری انسانی امداد کی فراہمی میں بھی رکاوٹ ہیں۔
ارکان نے مسئلہ فلسطین پر بات کیے بغیر غزہ کی پٹی کے مستقبل پر بات کرنے کو مسترد کردیا۔ اسرائیل کی جاری خلاف ورزیوں پر اسے جوابدہ ٹہرانے پر بھی زور دیا گیا۔

شیئر: