Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ باکسنگ لیجنڈ 58 سالہ مائیک ٹائسن صحت یاب ہو رہے ہیں

مائیک ٹائسن 1987 سے 1990 تک غیر متنازع عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن رہے ہیں۔ فوٹو اے پی
ورلڈ باکسنگ لیجنڈ 58 سالہ مائیک ٹائسن السر کے باعث متلی اور چکر آنے کی کیفیت کے بعد اب مکمل صحت یاب ہیں۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مائیک ٹائسن کے نمائندے نے گذشتہ روز پیر کو بتایا ہے کہ ایک دن قبل میامی سے لاس اینجلس جانے والی پرواز کے دوران ٹائسن کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔
مائیک ٹائسن کے میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا کہ باکسنگ لیجنڈ کو اتوار کو فضائی سفر کے دوران، لینڈنگ سے 30 منٹ قبل اس کیفیت سے گزرنا پڑا۔
میڈیا آفس کے بیان میں کہا گیا ہے ’ شکر ہے مسٹر ٹائسن بالکل ٹھیک ہیں، انہوں نے طبی عملے کی تعریف کی ہے جو پرواز کے دوران ان کی مدد کے لیے وہاں موجود تھا۔
ایئرلائنز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی ایئر لائنز کی پرواز 1815 کو لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے پر پہلے ایک مسافر کی طبی ضروریات کے متعلق اطلاع ملی تھی۔
مائیک ٹائسن سوشل میڈیا سٹار سے باکسر بننے والے 27 سالہ جیک پال سے مقابلے کی تیاری کر رہے ہیں۔

مائیک ٹائسن سوشل میڈیا سٹار سے مقابلے کی تیاری کر رہے ہیں۔ گریب فوٹو نیٹ فلکس

ٹائسن کا مقابلہ رواں سال 20 جولائی کو 80 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے ’ڈلاس کاؤبوائے‘ اے ٹی اینڈ ٹی سٹیڈیم میں ہوگا، نیٹ فلکس پہلی بار اس مقابلے کی لائیو کوریج کرے گا۔
عالمی شہرت یافتہ باکسر مائیک ٹائسن 1987 سے 1990 تک غیر متنازعہ عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن رہے ہیں۔
مائیک ٹائسن 2005 میں انٹرنیشنل باکسنگ سے ریٹائر ہوئے لیکن حال ہی میں نومبر 2020 میں انہوں نے کیلیفورنیا میں رائے جونز کے خلاف ایک نمائشی مقابلے میں حصہ لیا۔

شیئر: