پہلے ہی راؤنڈ سے اپنے مدمقابل آسٹریلیا کے باکسر بلی ڈب پر حاوی رہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامرخان نے جدہ میں ہونے والے مقابلے میں آسٹریلیا کے باکسر بلی ڈب کو ناک آوٹ کر دیا۔ عامر خان نے یہ مقابلہ چوتھے ہی راونڈ میں جیت لیا۔ وہ پہلے ہی راونڈ سے اپنے مدمقابل پر حاوی رہے ۔ بلی ڈب باکسنگ کی دنیا میں ایک بڑا نام ہے۔ یہ مقابلہ عامر خان کے لئے بہت اہمیت کا حامل تھا۔
پاکستان آرمی کے سابق چیف جنرل راحیل شریف بھی یہ فائٹ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم میں موجود تھے ۔ مقابلہ جیتنے کے بعد راحیل شریف نے عامر خان کو گلے لگایااور شاباش دی۔پاکستان کے وفاقی وزیر فوادچوہدری بھی مقابلہ دیکھنے کیلئے خصوصی طورپرپاکستان سے آئے تھے۔ 32 سالہ باکسر کے والدین پاکستانی شہری ہیں۔
سعودی عرب کی جنرل سپورٹس اتھارٹی کے تحت موسم جدہ "جدہ سیزن" کی تقریبات کے سلسلے میں ہونے والا یہ مقابلہ جدہ کے کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی میں کے انڈور سٹیڈیم میں منعقد ہوا۔ رات دیر گئے شروع ہونے والا یہ مقابلہ دیکھنے کیلئے سعودی اور پاکستانی تماشائیوں کے علاوہ دیگر کمیونٹیز کے افراد بھی سٹیڈیم میں موجود تھے۔
فتح کے بعد عامر خان نے کہا کہ فلپائن کی سینیٹ کے رکن اور باکسر مینی پاکیاو سے نومبر میں ان کا مقابلہ جدہ میں ہی ممکن ہو جائے گا۔ عامر خان نے کہا کہ کار حادثے میں زخمی ہو جانے کے باعث انڈیا کے باکسر ویرت گوپال سے مقابلہ نہ ہونے پر افسوس ہے۔
عامر خان نے کہا کہ ایک بار پھر عالمی اعزاز جیتنا چاہتا ہوں۔ اب ویلٹرویٹ مقابلہ چاہتے ہیں۔ وہ اپنے آپ کو ویلٹرویٹ باکسر محسوس کرتے ہیں۔
عامر خان نے کہا کہ جدہ میں باکسنگ کرنے کا بہت مزہ آیا۔ دوبارہ ضرور جدہ آکر مقابلہ کروں گا۔ سعودی عرب کے شہر جدہ میں مقابلہ کرنے سے یہاں کے شہریوں کو اس کھیل میں دلچسپی لینے کا موقع ملے گا۔ہم نے یہ مقابلہ کرنے کیلئے انگلینڈ یا امریکہ کی بجائے جدہ کو فوقیت دی۔ اس سے قبل باکسنگ کے کئی بڑے مقابلوں میں حصہ لیا لیکن مقابلوں کی اتنی تشہیر کبھی نہیں ہوئی جتنی جدہ میں ہونے والے اس مقابلے کی ہوئی ہے۔
باکسرعامر خان اپنی اہلیہ فریال مخدوم اور بیٹیوں سمیت گزشتہ ماہ سے سعودی عرب میں موجود ہیں انہوں نے کہا کہ بعض اوقات آپ تھک جاتے ہیں اور اپنے خاندان اور دوسرے قریبی لوگوں کو دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ باکسنگ رنگ میں اترتے وقت انہیں بہت سی دعاوں اور نیک خواہشات کی ضرورت ہوتی ہے۔واضح رہے کہ عامر خان نے مقابلے سے قبل ہی کہہ دیا تھا کہ وہ بلی ڈب سے شکست نہیں کھائیں گے۔ اس مقابلے کیلئے انہوں نے سخت ترین مشق کی ہے۔
برطانوی باکسرعامر خان نے 2004 ء سے انٹرنیشنل باکسنگ میں قدم رکھا جب انہوں نے اولمپک مقابلوں میں چاندی کا تمغہ حاصل کیااور برطانیہ کے تجربہ کار باکسروں میں شامل ہیں۔ اس سے قبل عامر خان پیشہ ورانہ باکسنگ کے 38 مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں۔