Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات اور جنوبی کوریا میں جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط

موسمیاتی تبدیلی پر تعاون کے لیے ایک فریم ورک معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے بدھ کو دونوں ملکوں کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور باہمی ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔
 امارات کی جانب سے وزیر مملکت برائے تجارت خارجہ ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی اور جنوبی کوریا کی جانب سے وزیر تجارت، صنعت اور توانائی آن ڈوک گیون نے معاہدے پر دستخط کیے۔ 
شیخ محمد بن زاید نے جنوبی کوریا کے ساتھ معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ تجارت، سرمایہ کاری اور جدت کو فروغ دینے کے لیے ان کے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
شیخ محمد بن زاید نے آفیشل ایکس اکاونٹ پر لکھا ’سیول میں کوریا کے صدر یون سک یول سے مل کر خوشی ہوئی۔ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تعمیری بات چیت کی‘۔
’ہم نے امارات اور کوریا کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے‘۔ 
’یہ معاہدے ایک امید افزا قدم کی نمائندگی کرتے ہیں کیونکہ ہم مضبوط اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کا عہد کرتے ہیں جو دونوں ملکوں کو جوڑتا ہے اور ہمارے لوگوں کے لیے ٹھوس ترقی فراہم کرتا ہے‘۔
وام کے مطابق معاہدے کے تحت، دونوں ملکوں کی کمپنیاں اور سرمایہ کار ٹیرف کے خاتمے، توانائی، وسائل، ہیلتھ کیئر، ماڈرن انڈسٹری، سمارٹ فارمز اور بائیو اکانومی جیسے اہم شعبوں میں تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے سے مستفید ہوں گے۔
اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ اور ایشیا کے تیزی سے ترقی پذیر خطوں میں مارکیٹوں تک رسائی بھی ممکن ہوگی۔
 متحدہ عرب امارات اور جنوبی کوریا نے موسمیاتی تبدیلی پر تعاون کے لیے ایک فریم ورک معاہدے، خصوصی سٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے کے لیے معاہدوں اور مفاہمتی  یادداشتوں پر بھی دستخط کیے۔

شیئر: