Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید انڈیا پہنچ گئے، وزیراعظم مودی سے ملاقات

اماراتی صدر دسویں وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ میں شرکت کریں گے۔(فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان منگل کو انڈیا کے دورے پر احمد آباد پہنچ گئے۔
وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے سٹراٹیجک تعلقات، انہیں مستحکم بنانے کے طریقوں اور انہیں ترقیاتی عمل میں عروج کی نئی منزل تک پہنچانے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ 
 امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق امارات کے صدر دسویں وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ میں شرکت کریں گے۔ 
 اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’امارات اور انڈیا کے تعلقات اعلی ترقیاتی تعلقات کی ایک مثال ہیں۔ دونوں باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے اور ان کا دائرہ وسیع تر کرنے کے لیے  مہیا ہر موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔‘ 
اماراتی صدر نے کہا ’ آج احمد آباد میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کےلیے  ملاقات کی جو دونوں اقوام کو متحد کرتے ہیں۔‘
’امارات اور انڈیا کے درمیان شراکت داری مسلسل فروغ پا رہی ہے۔ ہماری بات چیت میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقے تلاش کیے گئے جو ہمارے عوام کے فائدے کےلیے اقتصادی ترقی اور پائیدار ترقی کو سپورٹ کریں گے۔‘
قبل ازیں اماراتی صدر احمد آباد پہنچے تو سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے خیرمقدم کیا۔ 
انڈین شہری اماراتی صدر کے استقبال کے لیے موجود تھے اور اپنے ہاتھوں میں امارات اور انڈیا کے پرچم  لیے ہوئے تھے۔ 
اماراتی صدر کے ہمراہ اعلی سطح کا وفد ہے جس میں ابوظبی کے نائب حکمراں، شیخ طحنون بن زاید آل نہیان اور وزرائے  خارجہ، تجارت و عالمی تعاون سمیت اعلی عہدیدار شامل ہیں۔

شیئر: