Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ کا ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو خراج عقیدت، ’امریکہ بائیکاٹ کرے گا‘

امریکی اہلکار نے بتایا کہ ’ہم کسی بھی حیثیت میں تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔‘ (فوٹو: اے پی)
امریکہ اقوام متحدہ کی جانب سے آج جمعرات کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تعزیتی تقریب کا بائیکاٹ کرے گا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق 193رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی روایتی طور پر کسی بھی عالمی رہنما کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نشست کا اہتمام کرتی ہے جو اپنی موت کے وقت ریاست کے سربراہ کے عہدے پر فائز ہوتے ہیں۔
ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ ’ہم کسی بھی حیثیت میں اس تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔‘
اس سے پہلے امریکی بائیکاٹ کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
نیویارک میں اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
امریکی اہلکار نے کہا کہ ’اقوام متحدہ کو ایران کے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے نہ کہ ان کے عشروں پرانے جابر کی یاد میں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’رئیسی 1988 میں ہزاروں سیاسی قیدیوں کے ماورائے عدالت قتل سمیت انسانی حقوق کی بے شمار، ہولناک خلاف ورزیوں میں ملوث تھے۔‘
امریکی عہدیدار کے مطابق انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں میں سے کچھ خاص طور پر ایران کی خواتین اور لڑکیوں کے خلاف، ان کے دور حکومت میں ہوئیں۔‘
63 سالہ ایرانی صدر اتوار کو اپنے وزیر خارجہ اور دوسرے چھ افراد کے ساتھ اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب آذربائیجان کے سرحدی علاقے میں ایک ڈیم کے افتتاح کے بعد شمال مغربی پہاڑی علاقے میں ان کا ہیلی کاپٹر کریش ہو گیا تھا۔

شیئر: