آرامکو کا گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کے 40 فیصد شیئرز خریدنے کا عمل مکمل
آرامکو کی جانب سے گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (گو) کے 40 فیصد حصص خریدنے کا عمل مکمل ہونے کی تقریب (آرامکو)
سعودی عرب کی سرکاری آئل کمپنی آرامکو نے پاکستان کی فیول ریٹیل مارکیٹ میں باضابطہ طور پر قدم رکھ دیا ہے۔
آرامکو نے گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (گو) کے 40 فیصد حصص خریدنے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں آرامکو کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ آف پروڈکٹس اینڈ کسٹمر یاسر مفتی نے کہا ہے کہ ’ہماری بین الاقوامی سرمایہ کاری میں تیزی آ رہی ہے اور (پاکستانی کمپنی کے حصص کی خریداری) ہمارے سفر کا ایک اہم قدم ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’گو‘ کے ساتھ اپنی سٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے ہم آرامکو کی پاکستان میں قابل قدر صارفین کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور خدمات فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔‘
بیان میں یاسر مفتی نے کہا کہ ’ہم آرامکو کے عالمی شراکت داروں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک میں ایک اور اعلیٰ صلاحیت کے اضافے کا خیرمقدم کرنے پر پُرجوش ہیں اور نئے مواقع کے دروازے کھولنے اور آرامکو برانڈ کو بیرون ملک مزید فروغ دینے کے لیے اپنے وسائل اور مہارت کو ایک ساتھ دکھانے کے منتظر ہیں۔‘
آرامکو اینڈ گیس نے گزشتہ برس دسمبر میں گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ میں 40 فیصد حصص حاصل کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کا اعلان آرامکو اور گو کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آرامکو نے امریکی تیل کمپنی والولین برانڈ کو خرید لیا تھا۔
اس موقع پر آرامکو میں ریفائنری اور کیمیکل شعبے کے سربراہ محمد بن یحی القحطانی نے کہا تھا کہ ’جی او کے حصص خریدنے پر آرامکو نے ریٹیل مارکیٹ میں دوسرا بڑا اقدام کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’جی او کے توسط سے آرامکو پاکستان کی ریٹیل مارکیٹ تک رسائی حاصل کرے گی جہاں اسے اپنا برانڈ متعارف کرانے کا موقع ملے گا۔‘
گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری، اس کو ذخیرہ کرنے، فروخت اور مارکیٹنگ جیسے کام کرتی ہے۔ یہ پاکستان کی سب سے بڑی ریٹیل اور سٹوریج کمپنیوں میں سے ایک ہے۔
جبکہ سعودی پیٹرولیم کمپنی آرامکو کا شمار ایک عرصے سے دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے ایک کے طور پر ہوتا ہے اور یہ سعودی عرب کے علاوہ دوسرے کئی ملکوں میں بھی سرگرم ہے۔