Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشتگردی کیخلاف مطالبہ پوری دنیا کا ہے، الجبیر

لندن/واشنگٹن..... سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے واضح کیا ہے کہ خلیج ہی نہیں بلکہ پوری دنیا چاہتی ہے کہ قطر دہشتگردی اور انتہا پسندی کی سرپرستی بند کر دے ۔ وہ برطانوی وزیر خارجہ سے لندن میں ملاقات کے بعد اظہار خیال کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ قطر سے متعلق شکایات کی ایک فہرست تیار کر رہے ہیں جلد ہی پیش کر دیں گے ۔ ایران خطے میں دہشتگردی کو ہوا دینے کےلئے پاسداران انقلاب سے کام لے رہا ہے ۔ پروگرام کے مطابق متحدہ عرب امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ بھی برطانوی وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقات کریں گے ۔ سعودی وزیر خارجہ برطانیہ کا دورہ مکمل کر کے امریکہ پہنچ گئے وہاں انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب نیز امریکی سینیٹ کے متعدد ارکان سے ملاقاتیں کی ۔ تعلقات خارجہ کمیٹی کے سربراہ سینیٹربوب کارکر عسکری کمیٹی کے سربراہ سینیٹر جان میکن ، محکمہ خفیہ کی کمیٹی کی رکن سینیٹر دایان وینسٹائن ، دفاعی امور کمیٹی کے سربراہ اور سی آئی اے کمیٹی کے رکن سے ملاقاتیں کر کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ان دنوں خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ امریکہ اور یورپی ممالک کی اہم شخصیتوں سے ملاقاتیں کر کے قطر کی پھیلا ہوئی ڈس انفارمیشن کا ازالہ کر رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ خلیجی ممالک اور امریکہ و یورپی ممالک کے رہنماﺅں اور اعلیٰ عہدیداروں کے نقطہ نظر میں یکسانیت پائی جاتی ہے ۔ 

شیئر: