ریاض ایئر امریکی اور انڈین فضائی کمپنیوں سے معاہدے کرے گی
نئی فضائی کمپنی اپنا آپریشن آئندہ برس سے شروع کردے گی۔ ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کی نئی شروع ہونے والی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر‘ جنوب مشرقی ایشیا تک اپنا دائرہ عمل وسیع کرنے کے لیے معاہدے کرے گی۔
اخبار 24 کے مطابق ریاض ایئرلائن پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیتی کمپنی ہے جس کے قیام کا اعلان گزشتہ برس کیا گیا تھا۔
توقع ہے کہ آئندہ برس سے نئی فضائی کمپنی اپنا آپریشن شروع کردے گی۔
ایئرلائن کی جانب سے جنوب مشرقی ایشیا کی فضائی کمپنیوں کے ساتھ نیٹ ورک کو وسیع کرنے کے لیے معاہدے کیے جائیں گے۔
ایئرلائن سے تعلق رکھنے والے بعض افراد نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ ریاض ایئر کی جانب سے انڈین اور امریکی فضائی کمپنیوں کے ساتھ طویل مسافتی پروازوں کے لیے جلد حتمی معاہدے کیے جائیں گے۔‘
ذرائع کا کہنا تھا کہ ’ایئرلائن آئندہ برس کے وسط تک باقاعدہ طور پر فضائی آپریشن شروع کر دے گی اس حوالے سے امارات ایئر اور قطری ایئرلائن کے ساتھ بھی تعاون کیا جائے گا تاکہ ایوی ایشن کے میدان میں ان کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔‘
واضح رہے ریاض ایئرکی جانب سے 39 بوئنگ 787 طیارے خریدے گئے ہیں جبکہ بیڑے میں مزید 33 طیاروں کا بھی اضافہ کیا جائے گا۔
سعودی عرب کی جانب سے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ فضائی سروس مہیا کرنے کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے سال 2030 تک سالانہ 330 ملین مسافروں کا ہدف رکھا گیا ہے جو سعودی عرب کے ایئرپورٹس سے سفر یا ٹرانزٹ کی سہولت حاصل کریں گے۔