Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دورے میں کاروباری روابط کی بہتری پر بات چیت ہو گی‘، شہباز شریف چین میں

چین کے پانچ روزہ دورے پر روانہ ہونے سے قبل پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ اپنے دورے کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری کو نئے دور میں داخل کریں گے۔
منگل کو دورہ چین پر روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’چین کی پاکستان کے ساتھ دوستی لازوال ہے۔ مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ آج چین کے دورے پر جا رہا ہوں۔ یہ دورہ دونوں ملکوں کی دوستی کی ایک اور اونچی سمت متعین کرے گا۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’نوازشریف کے گزشتہ دور میں چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی اور تعلق نئے دور میں داخل ہوئے۔ اس نئے باب کے آغاز سے پاکستان میں بجلی کے اندھیرے چھٹ گئے۔‘
وزیراعظم نے بتایا کہ ’سی پیک کے ذریعے پاکستان میں 145ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اہتمام کیا گیا۔ دورے کے دوران سی پیک فیز ٹو میں صنعتوں کے قیام اور حکومت سے حکومت کے درمیان بڑے منصوبوں پر مربوط غور ہو گا۔ ‘
شہباز شریف نے بتایا کہ ’دورے کے دوران بزنس ٹو بزنس روابط میں بہتری لانے کے لیے بات چیت ہو گی۔ چین کے صدر شی جن پنگ ایک ویژنری رہنما ہیں، تائیوان کو پاکستان چین کا ٹوٹ انگ سمجھتا ہے۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’چین کے ساتھ پاکستان کا تعلق 75سال پر محیط ہے۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا۔ تمام معاملات میں پاکستان چین کے ساتھ ہے۔‘
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چار سے آٹھ جون تک بیجنگ کا دورہ کر رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

شہباز شریف چین اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے (فوٹو: روئٹرز)

وزیراعظم اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں چینی شہر شینزن جائیں گے۔ وزیراعظم دونوں ممالک کی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے مابین شراکت داری کے فروغ کے لیے شینزن میں بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔
شہباز شریف چینی ون ونڈو آپریشن کے مشاہدے کے لیے نانشان ون ونڈو کا دورہ بھی کریں گے۔ وزیراعظم شینزن میں ہواوے کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے۔
وزیراعظم دورے کے دوسرے مرحلے میں بیجنگ جائیں گے جہاں وہ چینی اعلی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ شہباز شریف چینی صدر شی جن پنگ اور چینی ہم منصب، پریمئیر لی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔
شہباز شریف چین اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم اپنے دورۂ چین کے آخری مرحلے میں چینی شہر شیان جائیں گے جہاں اعلی مقامی قیادت سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ وہ چینی زرعی ترقی کے حوالے جدید ٹیکنالوجی کے مشاہدے کے لیے ماڈل فارمز و گرین ٹیکنالوجی کمپنیوں کا دورہ کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ چین 2700 ارب کی پوری دنیا سے درآمدات کرتا ہے لیکن پاکستان کا ان میں حصہ صرف 3 ارب ڈالر ہے (فوٹو: اے پی پی)

کاروباری وفد سرمایہ کاری کے معاہدے کرے گا: احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے چین روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف اس دورے کے دوران چین کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کریں گے۔ سی پیک کے فیز 2 میں ہماری توجہ بزنس ٹو بزنس روابط قائم کرنے پر ہے۔‘
احسن اقبال نے کہا کہ چین 2700 ارب کی پوری دنیا سے درآمدات کرتا ہے لیکن پاکستان کا ان میں حصہ صرف 3 ارب ڈالر ہے۔ ایک بہت بڑا موقع ہمارے ہمسائے ملک میں موجود ہے اسی لیے وزیراعظم کی ہدایت پر کاروباری افراد کا چناؤ کیا گیا اور ان کا وفد خصوصی جہاز کے ذریعے چین بھیجا گیا ہے جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاہدے کریں گے۔‘
پاکستان کی وزارت اطلاعات نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ’پاکستانی وفد چین کے شہر شینزین میں بزنس ٹو بزنس میٹنگ کے لیے پہنچ گیا ہے۔ 79 پاکستانی کمپنیوں کے نمائندے چینی کمپنیوں سے ملاقات کریں گے۔‘

شیئر: