الباحہ : فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے خوبصورت مقام
الباحہ : فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے خوبصورت مقام
منگل 4 جون 2024 22:42
پہاڑ سے گرتی طویل آبشار اس کے محل وقوع کو دیدہ زیب بناتی ہے۔ فوٹو واس
الباحہ کے بنی حسن گورنریٹ کے مرکز میں واقع نو تعمیر شدہ جدر پارک سب سے نمایاں سیاحتی مقامات میں سے ایک بن گیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق بنی حسن کی بلدیہ کے سربراہ خالد الغامدی نے کہا کہ فطرت سے لطف اندوز ہونے والوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
قدرتی خوبصورتی سے محبت کرنے والوں کے لیے منفرد نظارے، سرسبز جنگل اور پہاڑ سے گرتی ہوئی طویل آبشار اس کے محل وقوع کو دیدہ زیب بناتی ہے۔
بلدیہ کے ذمہ دار نے بتایا کہ جدر پارک کے فطرتی حسن کو قائم رکھنے کے لیے اطراف میں احتیاط کے طور پر دلکش انداز کی باڑ لگا کر محفوظ بنایا گیا ہے۔
جدر پارک 30 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے جس میں سے 17 ہزار مربع میٹر علاقے کو زائرین کے لئے دیدہ زیب ہریالی میں بیٹھنے کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
جدر پارک میں پیدل چلنے والوں کے لیے دو ہزار میٹر واکنگ ٹریک تیار کیا گیا ہے اس کے علاوہ 2182 میٹر طویل آبی گزرگاہیں بنائی گئی ہیں۔
خالد الغامدی نے بنی حسن کے سیاحتی شعبے کو ترقی دینے کے لیے میونسپلٹی کے عزم کا اظہار کیا ہے تاکہ مقامی شہریوں، مقمین اور زائرین کو پورا سال تفریحی مقامات تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مقامی کمیونٹی نے علاقے میں جدر پارک کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ الباحہ میں یہ پارک فطرت سے محبت کرنے والوں کے لیے مملکت کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں