Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ: پرتپاک استقبال کے لیے شاندار گیسٹ ہاؤسز

قدیم عمارت کو سیاحوں کے سکون کے لیے پرکشش ماحول میں تبدیل کر دیا ہے۔ فوٹو ایس پی اے
سعودی عرب کا پرفضا مقام الباحہ ایسا خطہ ہے جہاں قدیم فن تعمیر کی بھرپور میراث پائی جاتی ہے، یہاں ثقافتی ورثے سے مزین لاجز سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق الباحہ میں ثقافتی روایات سے مالامال لاجز اور خوبصورت انداز سے سجائے گئے گیسٹ ہاؤسز سیاحوں کو راغب کرتے ہیں۔

علاقے میں موجود گیسٹ ہاؤس ورثے کی عکاسی کرتے ہوئے مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کو ماضی کی یادوں میں لے جاتے ہیں۔
الباحہ میں رہائشی مکانات اور قلعہ نما عمارتیں نہ صرف یہاں کی آب و ہوا اور ماحولیاتی تغیرات کو دیکھتے ہوئے سماجی اور مقامی رسم و رواج اور قدیم روایات کے مطابق بنائے گئے تھے۔

الباحہ میں موجود متعدد گیسٹ ہاؤسز اپنے دلکش طرز تعمیر کے علاوہ علاقے کا قدرتی حسن بھی دوبالا کرتے ہیں۔
یہاں تعمیر کی گئی بیشتر عمارتوں میں علاقائی پتھروں اور جونیپر کے درختوں کا استعمال کیا گیا ہے۔

الباحہ میں ہیریٹیج گیسٹ ہاؤس ’بیت العاید‘ کی مالکن شریفہ الغامدی بتاتی ہیں کہ یہاں آنے والے سیاحوں کو ماضی کی زندگی کے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے انہوں نے بہت سے قدیم اور تاریخی مکانات حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔

شریفہ الغامدی نے بتایا کہ زندگی کے خواب اور جذبے کو پورا کرنے میں خاندان والوں کی مدد حاصل رہی اور اب  ریٹائرمنٹ کے بعد کا وقت ہیریٹیج ٹورسٹ گیسٹ ہاؤسز کے دیکھ بھال میں گزار رہی ہیں۔
شریفہ الغامدی نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے علاقے کی قدیم عمارتوں کے خستہ حال ڈھانچوں کو مضبوط کر کے یہاں آنے والے سیاحوں کی راحت اور سکون کے لیے پرکشش قدرتی ماحول میں تبدیل کر دیا ہے۔

شیئر: