Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگنا رناوت کو ایئرپورٹ پر خاتون سکیورٹی اہلکار نے ’تھپڑ مار دیا‘

کنگنا رناوت ہماچل پردیش میں اپنے آبائی شہر منڈی سے بی جے پی کی امیدوار کے طور پر انتخاب جیتی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی نامور اداکارہ کنگنا رناوت کو مبینہ طور پر ایئرپورٹ پر سکیورٹی اہلکار نے تھپڑ مار دیا۔
حال ہی میں لوک سبھا انتخابات جیتنے والی اداکارہ چندی گڑھ ایئرپورٹ سے دہلی کے لیے روانہ ہو رہی تھیں جس وقت یہ واقعہ پیش آیا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوت نے سیکورٹی چیک کے دوران اپنا فون ٹرے میں رکھنے سے انکار کیا  اور سیکورٹی اہلکاروں کو دھکا دیا جس پر خاتون کانسٹیبل نے انہیں تھپڑ دے مارا۔
دوسری جانب ایک اور انڈین ٹیلی ویژن ’این ڈی ٹی وی‘ میں رپورٹ کی گئی تفصیل کے مطابق کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے کے بعد خاتون کانسٹیبل نے مبینہ طور پر اداکارہ سے کہا کہ یہ تھپڑ ’کسانوں کی بے عزتی کے لیے ہے‘۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئرپورٹ پر موجود سکیورٹی اہلکار اداکارہ کو سکیورٹی چیک ان سے گزار رہے ہیں۔
واقعے کے بعد ادکارہ کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر اپنا ایک بیان جاری کیا ہے جس میں وہ اپنے مداحوں کو بتا رہی ہیں کہ وہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
اداکارہ نے بتایا ’چندی گڑھ ایئرپورٹ پر جب میں سکیورٹی چیک سے نکلی تو کیبن میں موجود خاتون سکیورٹی کانسٹیبل نے آ کر انہیں چہرے پر مارا اور گالیاں دینے لگیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا ’میں نے جب خاتون کانسٹیبل سے تھپڑ مارنے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا کہ ہم کسانوں کے احتجاج کو سپورٹ کرتے ہیں۔
دوسری جانب ایکس پر خاتون کانسٹیبل، جن کا نام کلوند کور بتایا جاتا ہے، کی بھی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں ’کنگنا رناوت کہتی تھیں کہ کسان احتجاج میں خواتین 100، 200 روپے لے کر شامل ہوئی تھیں، میری ماں بھی اس احتجاج میں شامل تھیں۔‘
واضح رہے کنگنا رناوت ہماچل پردیش میں اپنے آبائی شہر منڈی سے بی جے پی کی امیدوار کے طور پر انتخاب لڑ کر سیاسی منظر نامے میں داخل ہوئی ہیں۔ کنگنا نے کانگریس کے وکرمادتیہ سنگھ کو 74,755 ووٹوں کے نمایاں فرق سے شکست دے کر الیکشنز میں پہلی جیت اپنے نام کی ہے۔
انڈین الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ نے  5,37,022 ووٹ حاصل کیے۔ ہماچل پردیش کے آنجہانی چھ بار وزیر اعلیٰ رہنے والے ویربھدرا سنگھ کے بیٹے وکرمادتیہ سنگھ نے 4,62,267 ووٹ حاصل کیے۔

شیئر: