کنگنا رناوت کا لوک سبھا انتخابات جیتنے کے بعد بالی وڈ چھوڑنے کا عندیہ
کنگنا رناوت اپنے آبائی علاقے منڈی سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابات لڑ رہی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین اداکارہ کنگنا رناوت نے عندیہ دیا ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات جیتنے کے بعد بالی وڈ چھوڑ دیں گی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اپنے حالیہ انٹرویو میں کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ وہ لوک سبھا کے انتخابات جیتنے کے بعد صرف سیاست ہی کریں گی کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ ہندی فلم انڈسٹری ’فیک‘ ہے۔
کنگنا رناوت سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ لوک سبھا کے انتخابات جیتنے کے بعد بالی وُڈ چھوڑ دیں گی؟ تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’جی ہاں۔‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ ’فلمی دنیا ایک جھوٹ ہے، سب کچھ فیک ہے۔ وہ لوگ بہت عجیب قسم کا ماحول بناتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ جھوٹی رنگ برنگی دنیا ہے جس کا مقصد عوام کو اپنی طرف کھینچنا ہے۔ اس (بالی وڈ) کی یہ ہی سچائی ہے۔‘
کنگنا نے مزید کہا کہ ’میں بہت جنونی انسان ہوں۔ میں کبھی اس وجہ سے فلم نہیں کرنا چاہتی تھی کہ مجھے صرف کام کرنا یے۔ میں نے فلمیں لکھنا شروع کیں اور جب میں کوئی کردار کرنے سے اکتا جاتی ہوں تو میں ہدایت کاری کرتی ہوں یا فلم پروڈیوس کرتی ہوں۔‘
خیال رہے کہ کنگنا رناوت اپنے آبائی علاقے منڈی سے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ٹکٹ پر انتخابات لڑ رہی ہیں اور حالیہ دنوں میں اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔
اداکارہ نے بالی وُڈ میں اپنا ڈیبیو سنہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گینگسٹر‘ سے کیا تھا۔
اُنہوں نے اپنے کیریئر میں ’کوئن‘، ’تنو ویڈز منو‘ اور ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ جیسی کامیاب فلموں میں بھی کام کیا ہے۔
دوسری جانب اداکارہ کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ’ایمرجنسی‘ کی11 جون کو ریلیز ملتوی کر دی گئی ہے۔
اس فلم کی کہانی انڈیا میں 1975 سے 1977 تک 21 مہینوں کی لگنی والی ایمرجنسی کے گرد گھومتی ہے۔
اس فلم میں کنگنا رناوت سابق انڈین وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔