حج سیزن کے دوران مکہ اور مدینہ میں ایک ہزار سے زیادہ ٹرانسپورٹ خلاف ورزیاں
حج سیزن کے دوران اتھارٹی کی تفتیشی کارروائیاں جاری رہیں گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے گزشتہ دو دنوں میں حج 2024 کے حوالے سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 9 ہزار تفتیشی کارروائیاں کیں جن ایک ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
سعودی خبررسا ں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق عازمین کے لیے مخصوص ٹرانسپورٹ کے لیے ریکارڈ کی جانے والی خلاف ورزیوں میں بسوں کے آپریشنل سرٹیفکیٹ کا نہ ہونا، ڈرائیور کو پرمٹ کی عدم فراہمی،مقررہ یونیفارم کی خلاف ورزی کے علاوہ سامان کی منتقلی کی اجازت نہ ہونا وغیرہ شامل تھیں۔
اتھارٹی کے ذمہ دار کا کہنا تھا ’حج سیزن کے حوالے سے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو مقررہ ضوابط پرعمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے پر چالان کیا جاتا ہے‘۔
حج سیزن کے دوران اتھارٹی کی تفتیشی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ مزید خلاف ورزیاں نہ کی جائیں۔
ذمہ دار کا مزید کہنا تھا’ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے صارفین اپنے تجربے اور آرا کے بارے میں اتھارٹی کے ٹول فری نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں‘۔