Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کا ایک بار پھر غزہ میں جنگ کو فوری روکنے کی ضرورت پر زور

سعودی ولی عہد نے شاہ سلمان کی طرف سے شرکا اور تمام مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک مرتبہ پھر فلسطینوں کے خلاف حملوں کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’غزہ کی پٹی میں ہمارے بھائیوں کے خلاف گھناؤنے جرائم جاری ہیں۔‘
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پیر کو اس سال حج کرنے والے عہدیداروں اور معززین کے سالانہ استقبالیہ تقریب کے موقعے پر ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خطاب میں جنگ کو فوری روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کرے۔
انہوں نے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کی تجویز کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حالیہ قراردوں پر عمل درآمد پر زور دیا۔
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بین الاقوامی برادری سے مشرقی یروشلم کو سنہ 1967 کی سرحدوں کے ساتھ فلسطین کی آزاد ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا مطالبہ دہرایا، تاکہ فلسطینی عوام اپنے جائز حقوق کے ساتھ  ایک جامع، منصفانہ اور دیرپا امن حاصل کر سکیں۔
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے منیٰ پیلس میں اس سال حج کے لیے آنے والے شاہی مہمانوں، حج وفود کے سربراہان اور اہم شخصیات کا سالانہ استقبالیہ تقریب میں خیرمقدم کیا۔
 سعودی ولی عہد نے خطاب میں شاہ سلمان کی طرف سے شرکا اور تمام مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی اور دعا کی کہ اللہ حجاج کی عبادات کو قبول کرے۔
انہوں نے کہا کہ ’اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں حرمین شریفین اور مقدس مقامات کی خدمت، زائرین کی دیکھ بھال کرنے اور ان کی سکیورٹی اور سیفٹی کو یقینی بنانے کا اعزاز دیا۔‘   
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’ہمیں اس عظیم فریضے کو جاری رکھنے پر فخر ہے اور ہم عازمین حج  کی آمد سے ان کی روانگی تک انہیں سہولتیں فراہم کرنے کےلیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔‘

شیئر: