Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی آرٹسٹ کی خاص تخلیقات کے ساتھ منفرد گیلری

فن ہمیشہ سے میرے خون میں دوڑتا ہے، صلاحیت ہر کسی میں چھپی ہوتی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی آرٹسٹ محمد ابو بشیت نے ریاض میں ونڈر لینڈ کے نام سے ایک تخلیقی گیلری بنائی ہے جہاں فنکارانہ صلاحیتوں کے ساتھ ان کے تخیلات کے اظہار کا ایک بڑا ذخیرہ موجود ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ابو بشیت کا کہنا ہے کہ فن ہمیشہ سے میرے خون میں دوڑتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ فنکارانہ صلاحیت ہر کسی میں چھپی ہوتی ہے۔

سعودی آرٹسٹ نے بتایا کہ 10 برس تک ایک آئل کمپنی میں ملازمت کرنے کے بعد میں نے اپنا شعبہ تبدیل کرنے پر توجہ دی اور لکڑی، دھات اور خاص قسم کی گوند سمیت مختلف مواد سے اپنے تخلیقی فن کے شوق کو آگے بڑھانا شروع کیا۔
ابوبشیت نے عالمی وبا کورونا کے دنوں میں اپنے شوق کو دوام بخشتے ہوئے مختلف قسم کے 150 ڈیزائن تخلیق کیے جن میں ماڈل اور دیگر فن پارے شامل ہیں۔
بعدازاں اپنےان تخلیقی فن پاروں کی نمائش کے لیے ریاض میں ایک آرٹ گیلری کھولنے کا فیصلہ کیا۔

میرا کام کوئی عام آرٹ نہیں اور یہ گیلری بھی کوئی بنیادی آرٹ کی طرز کی نہیں ہے، اس میں پاپ آرٹ، سٹریٹ آرٹ اور کئی ایسی تخلیقات ہیں جو پہلے نہیں تھیں۔
سعودی آرٹسٹ نے 2020 میں ’لیونگ ان ونڈر لینڈ‘ کے نام سے اس گیلری کا آغاز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ گیلری میں موجود تخلیقی خیال اور تصور کے مطابق موجود فن پارے دیکھنے والوں کو دوسری دنیا میں لے جاتے ہیں۔

ونڈر لینڈ گیلری جدید اور پاپ آرٹ پر خصوصی توجہ رکھنے والے مقامی فن کاروں کے ہنر کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ یہاں موجود مختلف فن کاروں کے فن پارے فروخت کے لیے رکھے گئے ہیں۔
ہمارے پاس دنیا کے دیگر ممالک امریکہ، برطانیہ اٹلی اور مالی کے فنکاروں کا آرٹ ورک، فن پارے اور ماڈلز بھی موجود ہیں جو دو سے 20 ہزار ریال تک میں دستیاب ہے۔
یہاں آنے والے وزیٹرز میں سے ہر ایک کے لیے ہمارے پاس کچھ نہ کچھ ضرور ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم نے مارکیٹ میں کچھ منفرد اور مختلف متعارف کرایا ہے۔

’یہاں منفرد پینٹنگز اور عالمی شہرت یافتہ شخصیات کے ماڈلز پیش کیے گئے ہیں جن سے زائرین کو ایک دلچسپ اور فکر انگیز تجربہ حاصل ہوتا ہے۔‘
ابو بشیت نے بتایا کہ ’گیلری میں منفرد قسم کی پینٹنگز سمیت متعدد ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔‘

’اگر آپ نے ابھی تک ونڈر لینڈ گیلری کا وزٹ نہیں کیا، اگر آپ آرٹ کے دلدادہ نہیں ہیں پھر بھی ایک بار آپ کو یہاں کا رخ ضرور کرنا چاہیے۔‘
گیلری کا وزٹ کرنے والے اکثر افراد یہاں کے منفرد اور مختلف ماحول میں خاص احساس کے ساتھ ضرور کچھ دلچسپ اشیا تلاش کرتے ہیں۔
 

شیئر: