ایک ماہ میں سعودیوں کے لیے 25 ہزار سے زائد ملازمت کے مواقع
ٹیکنیکل اداروں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔(فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب کے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر سے فارغ ہونے والے طلبہ کے لیے گزشتہ ایک ماہ میں 25 ہزار سے زائد ملازمت کے مواقع فراہم کیے گئے۔
عکاظ کے مطابق فنی تربیتی مرکز اور نجی شعبے کے تعاون سے مملکت کے مختلف شہروں میں قائم ٹیکنیکل اداروں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔
ٹیکنیکل سینٹر نے ملازمتوں کی فراہمی کے حوالے سے گزشتہ ماہ 54 مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کیے تھے جبکہ مقامی لیبرمارکیٹ میں افرادی قوت کی فراہمی کے لیے 136 تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔
مختلف اداروں میں افرادی قوت کے شعبوں کے ذمہ داروں کے ساتھ 214 مذاکرات کیے گئے۔
فنی تربیتی مرکز کا کہنا تھا’ مارکیٹ میں سعودی ہنرمندوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے متعدد منصوبوں پرتیزی سے کام جاری ہے‘۔
اس حوالے سے’ ہرایک کے لیے روزگار‘ سلوگن کے تحت منصوبہ جاری کیا گیا ہے۔
ٹریننگ سینٹر سے فارغ ہونے والوں کےلیے روزگار کی فراہمی کے لیے جامع اقدامات کیے گئے ہیں جن کے تحت تربیتی مراکز سے فارغ ہونے والوں کی تفصیلات کمپنیوں کو ارسال کی جاتی ہیں جو اپنی ضرورت کے مطابق امیدواروں کا انتخاب کرتے ہیں۔