جدہ ..... پاک سرزمین فورم کے ڈپٹی آرگنائزر ڈاکٹر محمد نعیم نے کہا ہے کہ نئی نسلوں کو دوقومی نظریہ کی تعلیم ٹھوس بنیادوں پر دی جائے تاکہ وہ روشن پاکستان کے مستقبل کی ضامن ثابت ہوں۔وہ تنظیم جدہ اور مکہ مکرمہ کی مشترکہ افطار ڈنر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر نعیم قائم خانی نے کہا کہ پاک سرزمین فو رم مشرق وسطیٰ میں اپنے ہم وطنوں کے مسائل کے حل اور یکجہتی کےلئے مصروف عمل ہے، فیصل ارشاد نے کہا کہ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی تمام پاکستانیوں کو آپس میں جوڑنے کی کوششیں کررہے ہیں اور روایتی سیاست کے بجائے عام شہریوں کے مسائل پر آواز اٹھا رہے ہیں جس پر عوام کی بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ تقریب سے سید ریاض حسین بخاری، فاخر بلوچ، سید عدنان حیدر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں پیپلزپارٹی کے سید ریاض بخاری، مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علمائے اسلام(ف) کے کارکنوں کو قومی پرچم کے بیج لگا کے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔