Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ جانے کا جنون، 24 سالہ نوجوان ڈنکی مارنے کے لیے ’بزرگ‘ بن گیا

نوجوان کی بیوی نے بھی کچھ ایسا ہی روپ دھار رکھا تھا لیکن وہ موقع سے فرار ہوگئی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں 19 جون کو نیلی پگڑی اور سفید داڑھی والا ایک ’بزرگ آدمی‘ دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کینیڈا اور پھر وہاں سے امریکہ جانے کے لیے امیگریشن کی قطار میں کھڑا تھا۔
اس نے اپنی شناخت 67 سالہ رشویندر سنگھ سہوتا کے طور پر کروائی، لیکن جب وہ بول رہا تھا تو ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے کچھ عجیب سا محسوس کیا کیونکہ اس شخص کی آواز اس کی عمر سے مطابقت نہیں رکھتی تھی۔ قریب سے دیکھنے پر انہوں نے محسوس کیا کہ اس کی جلد ایک نوجوان جیسی تھی اس پر جھریاں بھی نہیں تھیں۔
تفتیش سے معلوم ہوا کہ وہ شخص ایک 24 سالہ نوجوان تھا جس کا اصل نام گرو سیوک سنگھ تھا اور وہ کسی دوسرے آدمی کے پاسپورٹ پر سفر کر رہا تھا۔ اسے گرفتار کر لیا گیا۔
اس کی بیوی ارچنا کور نے بھی کچھ ایسا ہی روپ دھار رکھا تھا لیکن وہ موقع سے فرار ہوگئی مگر اسے بعد میں پکڑ لیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم اور اس کی بیوی لکھنؤ کے رہنے والے ہیں اور ایک ہفتہ سے مہیپال پور کے ایک ہوٹل میں مقیم تھے۔ پولیس کے مطابق گرو سیوک کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ڈی سی پی (آئی جی آئی) اوشا رنگانی نے کہا کہ ’معاملے کی تحقیقات کے دوران گرو سیوک نے انکشاف کیا کہ میاں بیوی کو ملازمت اور بہتر ذریعہ معاش کے لیے امریکہ جانا تھا۔ گرو سیوک کا اپنے ایک دوست کے ذریعے ایجنٹ جگجیت سنگھ عرف جگی سے رابطہ ہوا تھا۔ جگجیت نے گرو سیوک اور اس کی اہلیہ کو 60 لاکھ روپے کے بدلے کسی دوسرے شخص کے پاسپورٹ پر ’ڈنکی‘ کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے کینیڈا کے راستے امریکہ بھیجنے کا وعدہ کیا تھا۔‘
پولیس افسر نے کہا کہ ’گرو سیوک نے پولیس کو بتایا کہ وہ جگی کو پہلے ہی 30 لاکھ روپے دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی رقم منزل پر پہنچنے کے بعد منتقل کی جانی تھی۔ سودے کے مطابق جگی نے اس کے لیے ایک رشیندر سنگھ سہوتا نامی شخص کے پاسپورٹ کا بندوبست کیا۔ اسی طرح اس کی اہلیہ کے لیے ایک ہرجیت کور کے پاسپورٹ کا انتظام کیا۔‘
ایجنٹ کی ہدایت پر جگی کا ساتھی گرو سیوک کو تلک نگر میں واقع ایک سیلون میں لے گیا تاکہ وہ بوڑھے آدمی کی طرح دکھائی دے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ جس سیلون میں میک اوور ہوا تھا اس کے مالک سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پولیس نے بتایا کہ ’سیلون کے عملے میں سے ایک نے اسے پاسپورٹ کی تصویر کی طرح ظاہر کرنے کے لیے میک اوور دیا۔ اس نے اپنی داڑھی کو دو ہزار انڈین روپے میں سفید کرایا۔‘
پولیس نے ایجنٹ جگی کو اتراکھنڈ کے رودر پور میں واقع اس کے ٹھکانے سے گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ کے دوران جگی نے پولیس کو بتایا کہ وہ ایک گریجویٹ تھا جو یوپی کے بجنور میں ’ٹرو ٹاک امیجنیشن‘ نامی کمپنی چلاتا ہے۔ کمپنی ٹکٹوں کی بکنگ اور لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے کا کام کرتی ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ جس سیلون میں میک اوور ہوا تھا اس کے مالک سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب اس کیس کی گواہ ہے۔

شیئر: