Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارجہ میں اب 83 فیصد ٹیکسیاں ہائبرڈ اور ماحول دوست

یہ 2027 تک 100 فیصد ماحول دوست نظام کے منصوبے کا حصہ ہے۔( فوٹو: وام)
 شارجہ ٹیکسی نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فلیٹ میں اب 83 فیصد ٹیکسیاں ہائبرڈ اور ماحول دوست ہیں جو ایندھن اور بجلی دونوں پر چلتی ہیں۔
یہ اقدام شارجہ ٹیکسی کے 2027 تک 100 فیصد ماحول دوست نظام حاصل کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔
امارات کے خبر رساں ادارے وام  کے مطابق ماحول دوست آپشنز کے لیے یہ عزم متحدہ عرب امارات کے پائیدار حل اپنانے اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے ہدف کے مطابق ہے۔
شارجہ ٹیکسی کے جنرل منیجر خالد الکندی نے کہا’پائیدار ترقی کے حصول کے عزم کے تحت ہم شارجہ ٹیکسی میں اپنے فلیٹ کو ترقی دینے اور اپ ڈیٹ کرنے پر مسلسل کام کر رہے ہیں‘۔
’یہ کوشش پائیدار ٹرانسپورٹیشن کے حل کی سپورٹ اور الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں سمیت ماحول دوست متبادل فراہم کرتی ہے‘۔
شارجہ ٹیکسی اپنے مسافروں کو وسیع پیمانے پر خدمات پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس میں سٹی ٹیکسی سروسز، ایئرپورٹ ٹرانسفرز، وومینز ٹیکسیاں، فیملی ٹیکسیاں، لگژری لیموزین، سکول ٹرانسپورٹیشن (رفاق)، معذور افراد کے لیے خدمات، مشرقی اور وسطی علاقوں میں خدمات  فراہم کرنے والی ٹیکسیاں شامل ہیں۔

شیئر: