خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد کے پیغامات ارسال کیے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق خادم حرمین شریفین کی جانب سے ارسال کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ’ دونوں برادر ممالک اور ان کے عوام کے مابین تعلقات کو فروغ دینے اور علاقائی وبین الاقوامی سلامتی میں مزید اضافے کے لیے باہمی مشاورت کو جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔ ہم آپ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کے لیے مزید ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں۔‘
شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں ایران اور برادر عوام کی مزید ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دریں اثناء ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایرانی صدر کو ارسال کیے گئے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ’میں ، دونوں ممالک اور ان کی عوام کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہوں۔‘
واضح رہے ایران اور سعودی عرب نے مارچ 2023 میں تعلقات کی بحالی کے لیے چین کی ثالثی میں ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
اس کے بعد سے دونوں ملکوں کے حکام نے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بات چیت جاری رکھی۔
سنیچر کو ایران میں انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اصلاح پسند امیدوار مسعود پزشکیان صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ قدامت پسند سعید جلیلی کو شکست دیتے ہوئے مسعود پزشکیان نے مغرب تک پہنچنے اور اسلامی جمہوریہ پر برسوں کی پابندیوں اور مظاہروں کے بعد ملک کے لازمی ہیڈ سکارف قانون میں نرمی پیدا کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق انتخابات میں دل کے سرجن اور قانون ساز پزشکیان کو ایک کروڑ 63 لاکھ ووٹ جبکہ سعید جلیلی کو ایک کروڑ 35 لاکھ ووٹ ملے۔