سعودی ولی عہد کی نئے برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کو مبارکباد
دوستانہ عوام کے لیے مزید ترقی اور کامیابیوں کی امید ظاہر کی۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے نو منتخب وزیراعظم کیئر سٹارمر کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنیس ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے تقرر کے موقعے پر آپ کو کامیابی اور خوشحالی کےلیے دلی مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام بھیجتے ہوئے خوشی ہے۔
انہوں نے ملک کے دوستانہ عوام کے لیے مزید ترقی اور کامیابیوں کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے دونوں دوست ملکوں اور عوام کے درمیان منفرد تعلقات کو سراہا جسے ہم تمام شعبوں میں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کی کوشش کرتے ہیں۔
برطانیہ میں عام انتخابات کے نتاِئج کے مطابق لیبر پارٹی نے فتح حاصل کر لی ہے، جس کے بعد سر کیئر سٹارمر ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے۔
لیبر پارٹی حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ نشستیں حاصل کرنے کے بعد باضابطہ طور پر برطانیہ کے عام انتخابات میں کامیاب ہو گئی۔
لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے نئے وزیراعظم کیئر سٹارمر نے جمعے کو ڈاؤننگ سٹریٹ پہنچنے پر عوام سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ ’شاہ چارلس نے مجھے حکومت بنانے کی دعوت دی ہے جو میں نے قبول کر لی ہے۔‘