Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیز کسٹم کلیئرنس، وزیراعظم کی بندرگاہوں پر جدید مشینری نصب کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی (فوٹو: پی ایم او)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے شپنگ لائنز کی ریگولیشن کے لیے جامع لائحہ عمل اور بندرگاہوں پر سکیننگ کی جدید مشینری کی جلد تنصیب کا حکم جاری کیا ہے۔
اتوار کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو کراچی پورٹ ٹرسٹ آمد پر بندرگاہوں اور نیشنل فلیگ کیرئیر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ تک اور اس سے سامان کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے لیاری ایکسپرس وے کو کارگو ٹریفک کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’کراچی میں موجود بندرگاہوں کی ترقی سے ویلیو ایڈیشن کی صنعت سے برآمدات میں اضافہ کریں گے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ حال ہی میں اپنے دورۂ قزاقستان کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن اور وسط ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی۔ وسط ایشیائی ریاستوں نے تجارت کے لیے پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں میں جدید نظام اور ان تک رسائی میں مزید بہتری کرکے پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے۔ کراچی میں موجود بندرگاہوں کی ترقی سے ویلیو ایڈیشن کی صنعت سے برآمدات میں اضافہ کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ ٹرسٹ پر جدید آلات و مشینری کی تنصیب سے کسٹمز کلیئرنس کے وقت کو کم کرنے اور بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل فائدہ اٹھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
Image
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ سے سامان کی بلاتعطل ترسیل کے لیے لیاری ایکسپرس وے کو کارگو ٹریفک کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے (فوٹو: پی ایم او)

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ تک اور اس سے سامان کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے لیاری ایکسپرس وے کو کارگو ٹریفک کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے۔ سامان کی ترسیل کو مزید بہتر بنانے کے لیے ملیر ایکسپریس وے کو بندرگاہ سے جوڑا جائے۔
’کراچی پورٹ تک اور اس سے ریل کے ذریعے سامان کی ترسیل کی استعداد کو بڑھایا جائے۔ پورٹ قاسم پر ایل این جی جہازوں کی فیس کو کم کرکے اسے بین الاقومی سطح پر رائج ریٹس کے مطابق مقرر کیا جائے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اپنی لاگت کو کم کرنے اور اپنے آپریشنز کو مؤثر بنانے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دے کر پیش کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، جام کمال خان، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، قیصر احمد شیخ، گورنر سندھ کامران جان ٹیسوری، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین پی این ایس سی، پی کیو اے، کے پی ٹی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

شیئر: