دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر بلدیات دیہی امور اور ہاوسنگ ماجد الحقیل نے رئیل سٹیٹ کی ترقی، سڑکو ں کے انفراسٹریکچر، ویسٹ منیجمنٹ اور ری سائیکلنگ میں تعاون بڑھانے کے لیے ترکیہ کا سرکاری دورے کا اختتام کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ دورہ سعودی اور ترک کنٹریکٹرز کے درمیان نئے الائنس کے لیے بھی ایک قدم تھا۔
دورے کے دران سعودی وزیر نے ترکیہ کے سرمایہ کاری دفتر کے سربراہ سے ملاقات کی اور تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
رئیل سٹیٹ سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے، اقتصادی زونز کی ترقی، سرکاری اور نجی شعبوں کے مابین شراکت داری کو فعال کرنے، رئیل سٹیٹ ڈیولپمنٹ سیکٹر میں سعودی اور ترک کمپنیوں کو جوڑنے، موجوددہ اور مستقبل کی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے دونوں ملکوں کی حکمت عملی پر کامیاب تجربات کا تبادلہ کیا۔
استنبول میں انہوں نے سعودی ترک تعمیراتی فورم اور اس کے ساتھ ورکشاپ میں شرکت کی جس کا اہتمام سعودی کنٹریکٹر اتھارٹی نے کیا تھا۔
ترکیہ کے نائب وزیر تجارت، سعودی کنٹریکٹرز اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ، ترک کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اور سعودی ترک کمپنیوں کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔