Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر میں مسافر جیپ دریا میں گرنے سے 13 افراد ہلاک، تین زخمی

پولیس کے مطابق  گاڑی میں ڈارئیور سمیت 17 افراد سوار تھے۔ (فائل فوٹو)
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مسافر جیپ دریا میں گرنے سے 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کشمیر کی ریاستی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز سعید الرحمان قریشی کے مطابق مسافر جیپ وادی نیلم سے مظفرآباد آ رہی تھی جب یہ دیولیاں کے مقام پر دریا میں جا گری۔
سعید الرحمان قریشی نے اردو نیوز کو بتایا کہ جیپ میں موجود 15 میں سے 12 مسافر ہلاک ہو گئے جبکہ دو بچے حادثے میں بچ گئے۔ تاہم اس مقام پر گھاس کاٹنے میں مصروف ایک مقامی خاتون حادثے کی زد  میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
حادثے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق  گاڑی میں ڈارئیور سمیت 17 افراد سوار تھے جن میں سے چھ مرد، چار خواتین اور تین بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
سعید الرحمان قریشی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے تاہم حادثے کی وجوہات کا فوری طور پرعلم نہیں ہو سکا۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے اس حادثے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
9 جون کو وادی نیلم ہی میں کیل سے تاؤبٹ جانے والی ایک جیپ کریم آباد کے قریب دریائے نیلم میں جا گری تھی جس میں کم سے کم 16 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مقامی حکام نے کہا تھا کہ جیپ میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔
گاڑی کی چھت سے چھلانگ لگانے والے ایک مسافر نے بتایا تھا کہ سڑک کی دیوار سرکنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
 

شیئر: