وادی نیلم جیپ حادثہ، لاہور سے تعلق رکھنے والے 7 نوجوانوں کی تلاش جاری
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں وادی نیلم کے علاقے پھلاوئی میں چھ دن قبل سیاحوں کی جیپ دریا میں گرنے سے کئی افراد ڈوب گئے تھے جن میں سے 7 نوجوانوں کی تلاش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
ڈوبنے والے ان نوجوانوں کا تعلق لاہور کے علاقے اچھرہ سے بتایا گیا ہے۔
سنیچر کو نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیم دریائے نیلم پہنچ گئی ہے جہاں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں کی مدد سے نوسہری ڈیم میں لاپتہ نوجوانوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔
ریسکیو ٹیموں کی جانب سے دریا کے مغربی کنارے کے ساتھ موجود چلانہ چیک پوسٹ تک کے علاقے میں بھی تلاش جاری ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اتوار کو سیاحوں کی جیپ حادثے کا شکار ہو گئی تھے جس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت 14 افراد سوار تھے۔
یونائیٹڈ ریسکیو کی ٹیم نے موقع پر ہی دریا سے گاڑی کو نکال لیا تھا لیکن بدقسمتی سے کوئی لاش نہیں مل سکی تھی۔
اس سے قبل سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے پروفیشنل ٹیمیں جائے وقوعہ پر بھیجی گئی تھیں اور فوجی جوانوں، مقامی پولیس اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر آپریشن شروع کیا گیا تھا۔
منگل کو ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے جاری بیان میں کہا تھا کہ جیپ میں سوار کل 14 افراد میں سے 5 زخمی اور 8 لاپتہ ہیں۔