Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنوں چھاؤنی کے قریب دھماکے میں ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

سنہ 2022 میں بنوں میں سی ٹی ڈی کے دفتر پر حملہ ہوا تھا جس میں 25 شدت پسند ہلاک ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق ضلع بنوں میں چھاؤنی کی حدود میں دھماکہ ہوا ہے جس میں ایک سکیورٹی گارڈ ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق پیر کو بنوں کے علاقے کوہاٹی گیٹ میں ہونے والے دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ  شہری بھی شامل ہیں۔
زخمیوں کوسی ایم ایچ اور ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ڈی پی او ضیا الدین نے اردو نیوز کو بتایا کہ  بارود سے بھری گاڑی کا دھماکہ کیا گیا تھا، جس کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔ اس وقت صورتحال قابو میں ہے تاہم سکیورٹی فورسز کی جانب سے کلئیرنس آپریشن جاری ہے 
ڈی پی او بنوں کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں چھ شہری زخمی ہوئے جن کو ڈسٹرکٹ ہسپتال لایا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی وجہ سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے جس کی وجہ سے شہری زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق پیر کو کینٹ کے قریب کوہاٹی گیٹ میں صبح پانچ بجے زور دار دھماکہ ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ مبینہ طور پر خودکش تھا جس کے نتیجے میں کینٹ کی دیوار کا ایک حصہ منہدم ہوا تاہم واقعے کی مزید تفصیل کلئیرنس آپریشن کے بعد جاری کی جائے گی۔
دھماکے کی وجہ سےسے قریبی گھروں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔  
پولیس ترجمان کے مطابق کینٹ کے قریبی راستے سِیل کر دیے گئے ہیں اور پولیس اور سکیورٹی فورسز کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلیرئنس آپریشن کے بعد علاقے کو کھول دیا جائے گا۔
 

شیئر: