سعودی عرب میں گندم کے کاشت کاروں کو 295 ملین ریال کی ادائیگیاں
مقامی کسانوں سے سالانہ 1.5 ملین ٹن گندم خریدنے کی منظوری دی گئی ہے۔ فوٹو واس
سعودی جنرل فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی نے گندم کے مقامی کاشت کاروں کو سیزن 2024 کے لیے مختص مقدار فراہم کرنے پر ادائیگیوں کی پہلی قسط دے دی گئی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق فوڈ اتھارٹی کے آفیشل الیکٹرانک پلیٹ فارم ’محصولی‘ کے ذریعے ادائیگی کے بعد اکاؤنٹس بند کر دیے گئے۔
جنرل فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک لاکھ 75 ہزار 703 ٹن گندم کے لیے 29 کروڑ 51 لاکھ 77 ہزار 176 ریال 792 کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کرائے گئے ہیں۔
سعودی فوڈ سیکیورٹی اتھارٹی نے رواں سیزن کے لیے کسانوں سے گندم 21 اپریل سے وصول کرنا شروع کی تھی جو کہ اب تک 2,751 کسانوں سے مجموعی طور پر پانچ لاکھ 52 ہزار 535 ٹن گندم موصول ہو چکی ہے۔
سعودی کابینہ کی جانب سے فیصلے کے نفاذ کے بعد فوڈ اتھارٹی کو مقامی کسانوں سے پانچ سال کی مدت کے لیے سالانہ ڈیڑھ ملین ٹن گندم خریدنے کی منظوری دی گئی ہے۔